تازہ ترین
اسپیکر سندھ اسمبلی 3 روزہ راہداری ریمانڈ پر نیب کے حوالے

اسپیکر سندھ اسمبلی 3 روزہ راہداری ریمانڈ پر نیب کے حوالے

اسلام آباد:(20 فروری 2019)احتساب عدالت نے اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا تین روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرکے نیب کے حوالے کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکرسندھ اسمبلی آغاسراج درانی کو غیرقانونی اثاثہ جات ریفرنس میں احتساب عدالت کےجج محمد بشیر کے روبرو پیش کیاگیا۔

اس موقع پر نیب کے وکیل نے کہا آغاسراج درانی کو آج نیب کراچی کی ٹیم نےگرفتارکیا، مجازاتھارٹی نےوارنٹ گرفتاری جاری کیے، ملزم کےخلاف کراچی میں اثاثہ جات ریفرنس زیرسماعت ہے۔

نیب کا کہنا تھا کہ آغا سراج درانی اوران کے خاندان کے گیارہ افراد کے خلاف اثاثوں کی تحقیقات چل رہی ہے، ان کی کراچی، حیدرآباداور سکھر میں جائیدادیں ہیں، جن کی وضاحت نہیں دی گئی۔

 اس موقع پر نیب کی جانب سے سات دن کے راہداری ریمانڈ کی استدعاکی گئی تھی، جس پر احتساب عدالت نے آغاسراج درانی کاتین روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرلیا اور ملزم کوتین دن بعد کراچی کی متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

نیب حکام نے کہا کہ آغا سراج درانی کو آج یاکل صبح واپس کراچی لےجائیں گے، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ اتنے روز کیوں مانگے جارہے ہیں؟ ملزم کو جلد از جلد متعلقہ عدالت میں پیش کریں۔

جس پر نیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ موسم کی خرابی کےباعث زیادہ وقت مانگا ، بعد ازاں عدالت نے آغاسراج درانی کاآج ہی طبی معائنہ بھی کرانے کا حکم دیا،جس کے بعد نیب ٹیم اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو کراچی لے کر روانہ ہوگئی۔

دوسری جانب اب تک نیوز نے اسپیکر آغا سراج درانی کی گرفتاری سے متعلق مزید معلومات حاصل کرلیں ، اسپیکر سندھ اسمبلی کو اسلام آباد کے سرینا ہوٹل سے گرفتارکیا گیا، جہاں نیب کے چھ اہلکار کالے رنگ کی ڈبل کیبن گاڑی میں سراج درانی کو گرفتار کرنے آئے ،سراج درانی سرینا ہوٹل کے روم نمبر ایک سو چھپن میں ٹھہرے ہوئے تھے۔

Comments are closed.

Scroll To Top