تازہ ترین
نیب نے آغا سراج درانی کیخلاف نئی تحقیقات کی منظوری دیدی

نیب نے آغا سراج درانی کیخلاف نئی تحقیقات کی منظوری دیدی

اسلام آباد: (14 مارچ 2019) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب کے ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں تین کرپشن ریفرنسز عدالتوں میں دائر کرنے اور دو کرپشن کی انکوائریوں کی منظوری دے دی گئی۔ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف مشتبہ رقوم کی منتقلی کی نئی تحقیقات شروع  کی جائیں گی۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق آغا سراج درانی، وسیم اختر اور لیاقت جتوئی کے خلاف مشتبہ رقوم کی منتقلی کی نئی تحقیقات شروع کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ سابق چیئرمین سی ڈی اے کامران قریشی، سابق مشیر ہوا بازی مہتاب خان اور سابق چیئرمین پی آئی اے مشرف رسول کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی  گئی ہے۔ ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال، خلاف قواعد چیئرمین پی آئی اے تعیناتی کا الزام  ہے۔

جبکہ سابق سیکرٹری ایوی اییشن ڈویژن عرفان الہیٰ، سابق وزیر صحت گلگت بلتستان حاجی گلبار خان اور سابق کنزرویٹر گلگت فاریسٹ محمد زمرد خان، سابق چیئرمین محمد علی ٹبہ و دیگر کے خلاف بھی ریفرنس دائر کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ ملزمان پر خلاف قانون جنگلات کٹائی اور نقل حمل کے پاسز جاری کرنے کا الزام ہے۔

چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے۔ نیب بدعنوانی کے خاتمے کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے۔ ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ قومی احتساب بیورو کی پہلی اور آخری وابستگی پاکستان سے ہے۔

Comments are closed.

Scroll To Top