تازہ ترین
این اے 120:عمران خان آج ریلی کی قیادت کریں گے

این اے 120:عمران خان آج ریلی کی قیادت کریں گے

لاہور: (14 ستمبر 2017)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان آج بیرون ملک سے وطن واپس پہنچ  گئے ہیں ، وہ آج  این اے 120کی انتخابی مہم کے سلسلے میں نکالی جانے والی ریلی کی قیادت کرینگے ،وہ مال روڈ سے ریلی کی شکل میں داتا دربار بھی جائیں گے جبکہ پیپلزپارٹی آج مزنگ میں جلسہ کرےگی۔

ویڈیودیکھنے کےلیے پلے کابٹن دبائیں

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان آج بیرون ملک سے وطن واپس پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ این اے ایک سو بیس کی انتخابی مہم کے سلسلے میں نکالی جانے والی ریلی کی قیادت کرینگے،ریلی سے قبل عمران خان لاہور میں مقامی رہنماؤں سے اہم ملاقات بھی کریں گے۔پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق عمران خان کی قیادت میں این اے 120 کی انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک ریلی نکالی جائے گی، جو چیئرنگ کراس سے شروع ہو کر اور داتا دربار پہنچ کر اختتام پذیر ہوگی، ریلی کے استقبال کے لئے چیئرنگ کراس، ریگل چوک، انارکلی، جی پی او، ناصر باغ اور داتا دربار میں کیمپ لگائے جائیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان داتا دربار حاضری بھی دیں گے۔

ریلی کا آغاز سہ پہر چار بجے چیئرنگ کراس سے ہوگا ،خواتین کارکن ریگل چوک جبکہ وکلا جی پی او چوک میں عمران خان کا استقبال کریں گے۔ادھرپی ٹی آئی نے عمران خان کے دورہ لاہور پر سیکورٹی انتظامات کے لیے کمشنر لاہور کو خط لکھ دیا ہے، دوسری جانب پیپلزپارٹی آج مزنگ میں جلسہ کرے گی،مریم نواز بھی اپنی والدہ کےحلقےمیں انتخابی مہم جاری رکھیں گی ۔

واضح رہے کہ عمران خان اپنے دونوں صاحبزادوں کے ہمراہ 9ستمبر کو لندن روانہ ہوئے تھے، اپنے پانچ روزہ قیام میں عمران خان نے پارٹی کے اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کی تھیں ، اس کے علاوہ وہ شادی کی ایک تقریب میں شریک ہوئے تھے، بعد ازاں وہ ترکی روانہ ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے این اے 120 کے لئے قرطبہ چوک میں ہونے والے پارٹی کے ناکام جلسہ کے بعد لندن سے واپسی پر لاہور میں ہی ڈیرے ڈالنے کا فیصلہ کیا تھا۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان جلسے کی ناکامی پر لاہور کی مقامی قیادت سے کافی ناراض ہیں اسی لئے انہوں نے اب خود این اے 120 کی الیکشن مہم کو چلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے الیکشن میں پارٹی پوزیشن کو بہتر بنانے کیلئے اپنی سیاسی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور این اے 120 کی الیکشن مہم کو خود مانیٹر کرنے کے ساتھ ساتھ عمران خان 17 ستمبر تک لاہور میں ہی قیام کرینگے ۔

یہ بھی پڑھئے

این اے 120: الیکشن کمیشن نے شکایات کیلئے کنٹرول روم قائم کردیا

این اے 120: جمعیت علمائے پاکستان کا (ن) لیگ کی حمایت کا اعلان

Comments are closed.

Scroll To Top