تازہ ترین
ایم کیو ایم ٹارگٹ کلر کا اعترافی بیان عدالت میں جمع

ایم کیو ایم ٹارگٹ کلر کا اعترافی بیان عدالت میں جمع

کراچی:(11 جنوری 2019)ایم کیوایم کے ٹارگٹ کلر سعید بھرم کی سزا کے خلاف اپیل وکیل کی عدم حاضری پر گیارہ فروری تک ملتوی کردی گئی ہے جبکہ ملزم نے اعترافی بیان میں متحدہ قیاد ت کے حکم پر ٹارگٹ کلنگ اور جلاؤ گھیراو کا اعتراف کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں ملزم سعید بھرم کی اپیل کی سماعت ہوئی، اس موقع پر ینجرز پراسیکیوٹرنے موقف اپنایا کہ ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد ہیں۔ سزا برقرار رکھی جائے۔

رینجرز پراسکیوٹر کے مطابق ملزم سعید بھرم کا اعترافی بیان عدالت میں جمع کرایا جاچکا ہے،بیان کے مطابق ملزم نے سندھ سیکرٹریٹ، پولیس ہیڈ آفس گارڈن پر حملوں اور وکلا سمیت متعدد افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔

ملزم کے مطابق دہشتگردی کی ہدایت ایم کیوایم کے ندیم نصرت،فاروق ستار، میئر کراچی وسیم اختر ،حیدر عباس رضوی، محمد انور اور دیگر نے جاری کیں،ملزم نے بتایا کہ دوہزار پانچ چھ میں محمد انور نے کال کر کے کہا بانی ایم کیوایم نے مخالفین کو ٹھکانے لگانے کے لئے ٹارگٹ ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔ ملزم نے صولت مرزا،اجمل پہاڑی اور دیگر کے ساتھ مل کر ٹارگٹ کلنگ اور جلاو گھیراو کی وارداتیں کیں۔

واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم حقیقی کے کارکن سید ابرار حسین کو قتل کرنے کے جرم میں سعید بھرم کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

Comments are closed.

Scroll To Top