تازہ ترین
مریم اورنگزیب کا ساہیوال واقعے میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ

مریم اورنگزیب کا ساہیوال واقعے میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ

لاہور: (20 جنوری 2019) سانحہ ساہیوال پر مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہچانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب  نے وزیراعظم عمران خان کے سانحہ ساہیوال سے متعلق ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ساہیوال کے انسانیت سوز واقعے پر پاکستان کا ہر شہری دکھی  اور ہر آنکھ نم ہے۔ شکر ہے چوبیس گھنٹے گزرجانے کے بعد وزیراعظم کو بھی اس واقعے پر دکھ تو ہوا۔

مریم اورنگزیب نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ محض ایک ٹوئٹ سے کام نہیں چلے گا۔ بتائیں آپ ڈی چوک پر دھرنا کب دینے آرہے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ کل اس واقعے کے بعد پنجاب کی پوری حکومت چھپ گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا وزیراعظم کے کہنے پر نوٹس لینا عوام کی بدقسمتی ہے۔ اگر وزیراعلیٰ کو کسی بات کا نوٹس لینے کیلئے بھی وزیر اعظم کو کہنا پڑے تو یہ پنجاب کے عوام کے ساتھ دشمنی کے سوا کچھ نہیں۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ وزیراعظم بتائیں وہ وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی پر کب استعفیٰ دیں گے؟ وزیراعظم وزیراعلیٰ پنجاب کو کب گردن سے گھسیٹیں گے؟

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مالی امداد پر تو بہت زور ہے لیکن واقعے کی  تحقیقات پر توجہ  نہیں۔ مقدمہ بھی نامعلوم اہلکاروں کے خلاف کا درج کیا گیا۔ گمنام وزیراعظم اور  گمنام وزیراعلیٰ پنجاب کا نام اس ایف آئی آرمیں کیوں درج نہیں کیا گیا؟

انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کی کفالت کی ذمہ داری لینے سے قبل وزیراعظم اس واقعے کی ذمہ داری لیں۔ پاکستان کی عوام کو بتایا جائے کہ بے قصور لوگوں کے اوپر کیوں گولیاں چلائی گئیں؟

Comments are closed.

Scroll To Top