تازہ ترین
آزاد امیدواروں کے پاس سیاسی جماعتوں میں شمولیت کا آج آخری روز

آزاد امیدواروں کے پاس سیاسی جماعتوں میں شمولیت کا آج آخری روز

اسلام آباد:(09 اگست،2018) عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں کے پاس سیاسی جماعتوں میں شمولیت کا آج آخری روز ہے،آذاد امیدواروں کو سیاسی جماعت میں شامل ہونے کے بعد بیان حلفی بھی جمع کرانا ہوگا۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق اس سلسلے میںانتیس آزاد امیدواروں کے بیان حلفی موصول ہوگئے ہیں، اٹھائیس آزاد امیدواروں نے پی ٹی آئی میں جبکہ ایک نے مسلم لیگ نون میں شمولیت کا بیان حلفی جمع کرایا ہے۔

ویڈیو دیکھنے کےلیے پلے کابٹن دبائیں

الیکش کمیشن نے واضح کیا کہ آزاد ارکان اسمبلی کو شامل کرنے والی جماعت کا سربراہ الیکشن کمیشن کوتحریری طورپرآگاہ کرے گا،بیان حلفی اور پارٹی سرٹیفکیٹ متعلقہ صوبائی الیکشن کمشنر یا ڈپٹی ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرائے جا سکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ نومنتخب آزاد ارکان اسمبلی کی شمولیت کے بعد مخصوص نشستیں الاٹ ہونگی۔

عام انتخابات کے نتائج سے متعلق تمام فارمز جاری

گذشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے حتمی نتائج سے متعلق تمام فارمز اپنی ویب سائٹ پر جاری کئے تھے،ویب سائٹ پر جاری کردہ فارمز میں فارم 45، 46، 48 اور 49 شامل تھے۔

سات اگست کو الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جن حلقوں میں عدالت کی جانب سے حکم امتناع ہے ان حلقوں کے نتائج روک دیئے گئے تھے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق 4 اگست تک انتخابی اخراجات کی تفصیلات موصول ہونے کے بعد امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کیے گئے ہیں۔کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن کے بعد آزاد امیدواروں کو 3 دن کے اندر کسی بھی سیاسی جماعت کا حصہ بننا ہوگا۔

آٹھ اگست کو سیاسی جماعتوں کی ترجیحی فہرستوں کے مطابق خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔شیڈول کے مطابق 9 اگست تک قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے تمام کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کردیئے جائیں گے۔بعدازاں صدر پاکستان قومی اور چاروں صوبوں کے گورنر صوبائی اسمبلیوں کے اجلاس طلب کریں گے۔ پہلے اجلاس میں منتخب اراکین خود حلف اٹھانے کے علاوہ اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور قائدِ ایوان (وزیراعظم) کا چناؤ بھی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے

منتخب ارکان کے انتخابی اخراجات کی چھان بین کا فیصلہ

ہمیں ہمارے قانونی حق سے محروم کیا گیا ہے، مریم اورنگزیب

Comments are closed.

Scroll To Top