تازہ ترین
مادری زبانوں کا عالمی دن

مادری زبانوں کا عالمی دن

ویب ڈیسک:(21 فروری 2019) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج مادری زبانوں کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔

دنیا بھر میں ہر سال 21 فروری کو زبانوں کی پہچان اور ان کی اہمیت سے آگاہی کے لئے مادری زبانوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔

نومبر انیس سو ننانوے کو یونیسکو کی انسانی ثقافتی میراث کے تحفظ کی جنرل کانفرنس کے اعلامیے میں اکیس فروری کو مادری زبانوں کا عالمی دن منانے کا اعلان کیا گیا اور اسی ادارے کے زیر اہتمام  سن دو ہزار سے اس دن دنیا بھر میں تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں تقریبا سات ہزار زبانیں بولی جاتی ہیں اور اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کے مطابق  انیس سو پچاس سے لے کر اب تک دو سو تیس مادری زبانیں ناپید ہو چکی ہیں۔

زبانوں پر تحقیق کرنے والے امریکی ادارے کے مطابق ایتھنالوگ ملکوں کے حوا لے سے انگریزی سب سے زیادہ یعنی ایک سو بارہ ممالک میں بولی جاتی ہے جس کے بعد ساٹھ ممالک میں فرنچ، ستاون میں عربی، چواالیس میں ہسپانوی اور جرمن بھی چوالیس ممالک میں بولی جاتی ہے جب کہ اردو تئیس، ہندی بیس اور پنجابی آٹھ ممالک میں بولی جاتی ہے۔

پاکستانی ماہرین لسانیات کے مطابق ملک میں مختلف لہجوں کے فرق سے چہتر زبانیں بولی جاتی ہیں۔مادری زبانوں کو لاحق خطرات کے حوالے سے پاکستان دنیا میں اٹھائیس ویں نمبر پر ہے۔

ماہرین لسانیات کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ ان کے بولنے والے خود ہیں جو بتدریج ان زبانوں کے استعمال کو کم کرتے جا رہے ہیں اور پھر یوں یہ زبانیں اپنا اصل اسلوب ختم کرتے ہوئے کسی دوسری زبان میں ضم ہوجاتی ہیں۔

برٹش کونسل کی جانب جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً ساڑھے تین سو ملین افراد کی مادری زبان انگریزی ہے جب کہ باقی لوگ ثانوی زبان کی حیثیت سے انگریزی بولتے ہیں۔

Comments are closed.

Scroll To Top