تازہ ترین
چھ شہریوں کی شہادت پر بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

چھ شہریوں کی شہادت پر بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

اسلام آباد: (22ستمبر،2017) بھارت کی جانب سے ورکنگ باونڈری پر فائرنگ سے چھ افراد کی شہادت پر پاکستان نے بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے سخت احتجاج کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے چھ شہریوں کی شہادت کے بعد پاکستان نے بھارتی ہائی کمشنر گوتھم بمبانوالا کو دفتر خارجہ طلب کیا اور انہیں بھارت کی جانب سے پاکستانی آبادی کو نشانہ بنائے جانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی، اس موقع پر قائم مقام سیکریٹری خارجہ نے احتجاجی مراسلہ بھارتی ہائی کمشنر کے حوالے کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دوہزار تین میں ہونے والی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے۔اس سے قبل ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات نے ورکنگ باؤنڈری پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے بھارتی فائرنگ کا مؤثر جواب دینے پر پنجاب رینجزر کےجوانوں کو شاباش دی،اس موقع پر ڈی جی رینجرز پنجاب کا کہنا تھا کہ رینجرز بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دیتی رہے گی،آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی جی ینجرز پنجاب نے بھارتی فائرنگ سے متاثر ہونے والے خاندانوں سے ملاقات بھی کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنے پیغام میں بتایا کہ ڈی جی رینجرز پنجاب نے ورکنگ باؤنڈری پر سیکیورٹی اہلکاروں سے ملاقات کی اور بھارتی فائرنگ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فورسز نے ورکنگ باؤنڈری کے مختلف سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 6 پاکستانی شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھئے

ورکنگ باؤنڈری پربھارتی اشتعال انگیزی، 6 افراد شہید، آئی ایس پی آر

بھارت کی ایل او سی، ورکنگ باؤنڈری پربلااشتعال فائرنگ، ایک شہری شہید

 

 

Comments are closed.

Scroll To Top