تازہ ترین
نواز شریف کی طبی بنیادیوں پر درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

نواز شریف کی طبی بنیادیوں پر درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد: (20 فروری 2019) ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی طبی بنیادیوں پر سزا معطلی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت شریف کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی بیماری کا علاج جیل میں ممکن نہیں نواز شریف کی جان کو لاحق متعدد بیماریوں سے خطرہ ہے۔ انجیو گرافی سے بیماری اور علاج تجویز کیا جاسکے گا۔ کسی میڈیکل رپورٹ میں کوئی تضاد نہیں۔ پنجاب حکومت کے نمائندے نے گزشتہ سماعت پر حقائق چھپائے۔

پراسیکیوٹر نیب جہانزیب بھروانہ نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کا علاج ہو ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں۔

جس پر عدالت نے کہا کہ پاکستان میں یا بیرون ملک؟ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ لاہور میں اسپتال موجود ہیں۔ جس رپورٹ کے چھپانے کا دعویٰ کیا گیا وہ عدالتی ریکارڈ پر آچکی ہے۔

وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ رپورٹ چھپانے والے کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ میڈیکل بورڈ کے تجویز کردہ تمام علاج جناح اور سروسز اسپتال میں موجود ہیں۔ پمز اور پی آئی سی سمیت کئی اسپتالوں میں یہ سارے علاج موجود ہیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ بتائیں پاکستان کے کون سے اسپتال میں علاج ہوسکتا ہے؟ جس پر وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ علاج سے پہلے نواز شریف کا اس ذہنی دباؤ سے باہر آنا ضروری ہے۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ نواز شریف اب تو جیل میں نہیں اسپتال میں ہیں۔ جس پر خواجہ حارث نے کہا کہ اسپتال میں بھی جائیں تو وہ سب جیل بن جاتی ہے۔

نیب نے نواز شریف کی درخواست ضمانت کے قابلِ سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا۔ نیب پراسیکیوٹر جہانزیب بھروانہ نے کہا کہ نواز شریف کی درخواست قابل سماعت ہی نہیں، نواز شریف کا کیس ہارڈشپ اور انتہائی نوعیت کا نہیں بنتا۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ جیل حکام نے محض واٹس ایپ پر میاں صاحب کی اسپتال منتقلی کا کہا۔ جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا تو کیا ہوا واٹس ایپ اطلاعات کی فراہمی کا ایک ماڈرن ٹول ہی ہے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔

Comments are closed.

Scroll To Top