تازہ ترین
پاکستان ترقی کے مقررہ اہداف حاصل کرلے گا، مشیر خزانہ

پاکستان ترقی کے مقررہ اہداف حاصل کرلے گا، مشیر خزانہ

اسلام آباد: (09 مارچ 2018) مشیرخزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور ہم مالیاتی اورترقی کے مقررہ اہداف حاصل کرلیں گے۔

انہوں نے یہ بات برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے محکمے کے وزیر میتھو ریکروٹ سے اسلام آباد میں باتیں کرتے ہوئے کہی۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ موجودہ حکومت نے معیشت میں متعدد اصلاحات متعارف کرائی ہیں جن کے نتیجے میں معاشی استحکام حاصل ہوگا۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ حکومت دانشمندانہ مالیاتی نظم ونسق کی پالیسی پرعمل پیرا ہے اوراپنی مدت کے آخری سال کے دوران مالیاتی خسارے کی روک تھام کرے گی۔مفتاح اسماعیل نے برطانوی حکومت کے ترقیاتی پروگراموں کوسراہا۔انہوں نے حکومت کی ترقیاتی سرگرمیوں میں معاون ڈی ایف آئی ڈی کی سرگرمیوں سمیت پاکستان اوربرطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعاون سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر دونوں فریقوں نے پاک برطانیہ تعاون کو فروغ دینے کے پختہ عزم کااظہارکیا۔

اس سے قبل گزشتہ روز وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل سے مختلف غیر ملکی بینکوں کے سینئر نمائندوں نے ملاقات کی۔ انہوں نے ملک کی معیشت کی موجودہ صورتحال اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت 6 فیصد کی شرح نمو کا ہدف حاصل کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت محصولات میں اضافے اور پائیدار پالیسی کے ذریعے مالیاتی خسارے پر قابو پانے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے ریونیو میں مسلسل بہتری ہو رہی ہے اور توقع ہے کہ اس حوالے سے ہدف حاصل کرلیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کا رجحان ہے۔ اس موقع پر انہوں نے توانائی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے کئے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ اس کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان میں معاشی استحکام:آئی ایم ایف کادرمیانی مدت پالیسیوں میں بہتری لانےپرزور

امریکہ،اسٹیل،ایلمونیم پردرآمدی ڈیوٹی کا مجوزہ اقدام: آئی ایم ایف کی تنقید

Spread the love

Comments are closed.

Scroll To Top