تازہ ترین
شہرہ آفاق قوال عزیز میاں کو دنیا سے رخصت ہوئے 18 سال بیت گئے

شہرہ آفاق قوال عزیز میاں کو دنیا سے رخصت ہوئے 18 سال بیت گئے

ویب ڈیسک:(06 دسمبر 2018) قوالی کے ذریعے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کرنے والے شہرہ آفاق قوال عزیز میاں کو دنیا سے رخصت ہوئے 18 برس بیت گئے ہیں لیکن ان کی سحر انگیز قوالیاں آج بھی حاضرین پر وجد طاری کردیتی ہیں۔

فن قوالی کی اصل روح کو دنیا کے سامنے جن قوالوں نے پیش کیا ان میں عزیز میاں قوال کا نام نمایاں ہے۔ عزیز میاں قوال 17 اپریل 1942ء کو نئی دلی میں پیدا ہوئے۔ قیام پاکستان کے بعداہل خانہ کے ہمراہ لاہور میں سکونت اختیار کی۔معروف قوال استاد عبدالوحید سے قوالی کے فن سیکھنے کے بعد پنجاب یونیورسٹی سے عربی، فارسی اور اردو میں ایم اے کیا۔ ان کا نام عبدالعزیز تھا جب کہ ’’میاں‘‘ ان کا تکیہ کلام تھا جس کی وجہ سے وہ عزیز میاں کے نام سے جانے جاتے تھے۔

عزیز میاں کی گائی ہوئی قوالیوں میں ’’میں شرابی‘‘، ’’تیری صورت‘‘ اور ’’اللہ ہی جانے کون بشر ہے‘‘ کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود آج بھی مقبول عام ہیں۔عزیز میاں نے وطن عزیزسمیت دنیا کے بیشتر ملکوں میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے شاہ ایران رضا شاہ پہلوی کے سامنے یادگار پرفارمنس پیش کرنے پر دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کی۔ وہ اپنی بیشتر قوالیاں خود لکھتے تھے جب کہ انہوں نے علامہ محمد اقبال اور قتیل شفائی کا کلام بھی انتہائی مہارت سے گایا۔ حکومت پاکستان کی جانب سے 1989ء میں انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا گیا۔دو ہزار میں عزیز میاں قوال کویرقان کا عارضہ لاحق ہوگیاتھا، ڈاکٹروں کے منع کرنے کے باوجود انہوں نے قوالی کو ترک نہیں کیا۔ اسی برس وہ حکومت ایران کی دعوت پرتہران گئے جہا ں 6 دسمبر کو 58 سال کی عمر میں ان کا انتقال ہوگیا۔ ان کے جسد خاکی کو وطن واپس لایا گیا جہاں ان کی تدفین کی گئی۔

یہ بھی پڑھیے

ادیب پطرس بخاری کو دنیا سے رخصت ہوئے 60 برس بیت گئے

گلوکار حبیب ولی محمد کو دنیا سے رخصت ہوئے 4 سال بیت گئے

Comments are closed.

Scroll To Top