تازہ ترین
امن کے قیام اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ سے غربت کا خاتمہ ممکن، جام کمال

امن کے قیام اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ سے غربت کا خاتمہ ممکن، جام کمال

کوئٹہ: (14 مارچ 2019) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ خطے میں امن کے قیام اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ سے غربت کا خاتمہ ممکن ہے۔ بین الاقوامی سطح پر اسٹریٹیجک پارٹنر شپ اور سیکیورٹی کے معاملات بھی معیشت سے منسلک ہیں۔

وزیراعلی بلوچستان جام کمال سے افغانستان کے سفیر شکراللہ عاطف مشال نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک افغان معاشی تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ یہ خطہ دنیا بھر کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور تاپی گیس پائپ لائن کا منصوبہ ہمسایہ ممالک کے بہترین مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں امید رکھنی چاہیے کہ خطے میں امن کی صورتحال ضرور بہتر ہوگی۔ جب شمالی کوریا اور امریکہ کے تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں تو اس خطے کے ممالک کے درمیان تعلقات میں بھی بہتری آسکتی ہے۔ قومی اور معاشی مفادات ہی سے عوامی مفادات کا تحفظ کیا جاسکتا ہے۔ خطے کے ممالک کو اپنے عوام کی ترقی کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

اس موقع پر افغانستان کے سفیر نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک دہشتگردی سے متاثر ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اہم کردار ادا کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم معاشی تعلقات کے فروغ پر یقین رکھتے ہیں۔ مسائل اتنے بڑے نہیں کہ جنہیں حل نہ کیا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے افغان ریفیوجیز کی مہمانداری کررہا ہے جس کیلئے ہم شکر گزار ہیں۔

Comments are closed.

Scroll To Top