تازہ ترین
وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری

اسلام آباد:(23 جنوری 2019) پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کابینہ کا ہنگامی اجلاس جاری ہے، اجلاس میں سانحہ ساہیوال کی جے آئی ٹی رپورٹ اور حکومتی اقدامات سے وزیراعظم کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر کابینہ کو ٹیکس تجاویز اور مراعات پر بریفنگ دے رہے ہیں، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد پارلیمانی پارٹی کو بھی منی بجٹ پر اعتماد میں لیا جائے گا۔

منی بجٹ میں پر تعیش اشیاء کی درآمد پر ڈیوٹی بڑھائی جائے گی جبکہ زراعت، صنعتی اور ہاؤسنگ سیکٹر کیلئے مراعات کا اعلان متوقع ہے۔

دوسری جانب سانحہ ساہیوال کی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کردی گئی ہے جس میں جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں حکومت پنجاب کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں سی ٹی ڈی افسران کو قتل کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ سانحہ ساہیوال میں مقتول میاں بیوی اور ان کی بیٹی بے گناہ ثابت ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی کے سربراہ سمیت 3 افسران کو تبدیل کردیا گیا جبکہ 2 افسر معطل کیے گئے اور واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مقدمات چلائے جائیں گے جبکہ ذیشان نامی شخص کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب پولیس میں اصلاحات کے لیے سفارشات طلب کرلیں اور مسقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے بھی سفارشات طلب کی گئی ہیں۔

Comments are closed.

Scroll To Top