تازہ ترین
آشیانہ اقبال اسکینڈل: تین مفرور ملزمان اشتہاری قرار

آشیانہ اقبال اسکینڈل: تین مفرور ملزمان اشتہاری قرار

لاہور: (12 فروری 2019) احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال اسکینڈل کے تین مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا۔ عدالت آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کرے گی۔

احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن بخاری کی عدالت میں آشیانہ اقبال اسکینڈل کے تین مفرور ملزمان کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ نیب کی جانب سے ملزمان ندیم ضیاء، کامران کیانی اور خالد حسین کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی۔

عدالت نے رپورٹ کے بعد مفرور ملزمان پیراگون سوسائٹی کے ڈائریکٹر ندیم ضیاء، کامران کیانی اور خالد حسین کو اشتہاری قرار دے دیا۔

نیب کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ تینوں ملزمان کو متعدد بار طلب کیا گیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ تینوں ملزمان بیرون ملک فرار ہو چکے ہیں۔

عدالت نے دس جنوری کو تینوں ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ جبکہ آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

احتساب عدالت نے آشیانہ کیس میں شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان کو اٹھارہ فروری کو طلب کر رکھا ہے۔

Comments are closed.

Scroll To Top