تازہ ترین
آرمی چیف کا نواز شریف کو ٹیلی فون،آئی ایس پی آر

آرمی چیف کا نواز شریف کو ٹیلی فون،آئی ایس پی آر

راول پنڈی: (23 اگست 2017)آرمی چیف نے سابق وزیراعظم سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے بیگم کلثوم نواز کی خیریت دریافت کی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو ٹیلی فون کیا اور نواز شریف سے بیگم کلثوم نواز کی خیریت دریافت کی۔

میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے ٹیلی فونک گفتگو میں کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پورے خاندان کی دعائیں کلثوم نواز کے ساتھ ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی سوشل میڈیا پر بیگم کلثوم نواز کی کینسر سے جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ کلثوم نواز علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ڈاکٹروں کی جانب سے کچھ ٹیسٹ لیے گئے جس میں انہیں حلق کا کینسر تشخیص ہوا ہے۔

ڈاکٹرز کے مطابق بیگم کلثوم نواز کے گلے کا کینسر قابل علاج ہے اور ان کا علاج جلد شروع کیا جائے گا اور وہ جلد صحت یاب بھی ہو جائیں گی۔یاد رہے کہ بیگم کلثوم نواز قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار بھی ہیں مگر اب وہ انتخابی مہم کا حصہ نہیں بن پائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کلثوم نواز کی جگہ ان کی صاحبزادی مریم نواز اپنی والدہ کی انتخابی مہم چلائیں گی اور ڈاکٹرز کی اجازت کے بعد کلثوم نواز انتخابی مہم کے آخری ہفتے میں شریک ہوں گی۔

 

Comments are closed.

Scroll To Top