تازہ ترین
اے آر رحمان کی بیٹی نے نقاب کیوں پہنا، انتہا پسندوں کی تنقید

اے آر رحمان کی بیٹی نے نقاب کیوں پہنا، انتہا پسندوں کی تنقید

ممبئی:(08 فروری 2019) بھارت میں مسلمانوں پر اظہار رائے کی بندش کے بعد اب وہ کیا پہنیں اور کیا نہیں اس کا بھی فیصلہ انتہا پسند کریں گے ۔ موسیقار اے آر رحمان کی بیٹی نے برقعے میں والد کا انٹرویو کیا کہ متعصب اور تنگ نظروں نے تنقید کے نشتر چلانا شروع کردیے ۔ جس کا اے آر رحمان اور ان کی بیٹی نے منہ توڑ جواب دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اے آر رحمٰن کے آسکر ایوارڈ جیتنے کے 10 برس مکمل ہونے سے متعلق منعقدہ ایک تقریب کے دوران جب ان کی صاحبزادی خدیجہ کو اسٹیج پر مدعو کیا گیا تو انہوں نے باحجاب رہتے ہوئے اسٹیج پر اپنے والد کا انٹرویو کیا۔

انٹرویو کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر لوگوں نے بیٹی کے حجاب پہننے پر اے آر رحمٰن کو ایک قدامت پسند شخص قرار دیا تھا۔

لوگوں نے خدیجہ کے حجاب پہننے اور دیگر بیٹیوں کے حجاب نہ پہننے کو اے آر رحمٰن کا اسلام کے لیے دکھاوا قرار دیا۔

کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ خدیجہ کا حجاب صرف ایک دکھاوا ہے جس میں حقیقت نہیں جبکہ کچھ کا کہنا تھا کہ یہ حجاب ان کے والد نے انہیں زبردستی پہنایا ہے اور تصویر بنواکر اسے آزادی انتخاب کا نام دیا۔

کچھ صارفین اپنی مرضی کا لباس اور برقع پہننے کے خدیجہ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے بھی نظر آئے۔

دوسری جانب اے آر رحمان کی صاحبزادی خدیجہ  نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنے اوپر ہونے والی تنقید کا جواب بھی دیا۔انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ کچھ لوگ میرے بارے میں تبصرہ کر رہے ہیں اور اس حجاب کو میرے والد کی جانب سے میرے لیے زبردستی قرار دے رہے ہیں، تاہم میں انہیں صرف اتنا جواب دینا چاہوں گی کہ میرے والدین کا میرے حجاب پہننے یا اس کا انتخاب کرنے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے ناقدین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ لوگ صورتحال کے بارے میں جانے بغیر میرے بارے میں اپنے فیصلے دینے سے گریز کریں۔

Comments are closed.

Scroll To Top