تازہ ترین
نیب نے اسپیکر سندھ اسمبلی کو گرفتار کرلیا

نیب نے اسپیکر سندھ اسمبلی کو گرفتار کرلیا

اسلام آباد:(20 فروری 2019)نیب کراچی نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں اسلام آباد سےگرفتارکرلیا ہے، پی پی پی رہنما کو ریمانڈ کے لیے کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق نیب نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو اسلام آباد کے ہوٹل سے گرفتار کیا ہے، نیب کی جانب سے آغا سراج درانی کی گرفتاری کی تصدیق بھی کردی گئی ہے۔

نیب کی پریس ریلیز کے مطابق قومی احتساب بیورو کراچی نے نیب راولپنڈی اور نیب ہیڈ کوارٹرز کے انٹیلی جنس ونگ کی معاونت سے آغا سراج درانی کو گرفتارکیا۔ نیب کی جانب سے آغا سراج درانی پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام عائد کیا گیا ہے جب کہ انہیں ریمانڈ کے لیے کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

یاد رہے اپریل 2018 میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج کے خلاف تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ آغا سراج درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی چھان بین ہوگی۔

سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف تین انکوائریز کا حکم دیا گیا تھا، جن میں آمدن سے زائد اثاثوں، غیر قانونی بھرتیوں اور ایم پی اے ہاسٹل، سندھ اسمبلی بلڈنگ کی تعمیر میں کرپشن شامل ہیں۔

اس سے قبل 6 فروری کو نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پنجاب کے سینئر وزیرعبدالعلیم خان کو گرفتار کرلیا تھا، ذرائع کے مطابق علیم خان نیب کی تحقیقاتی کمیٹی کو مطمئن نہ کرسکے۔

اسپیکر سندھ اسمبلی کا شمار آصف علی زرداری کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے،آغاز سراج درانی ماضی میں وزیربلدیات برائے سندھ بھی رہے ہیں۔

Comments are closed.

Scroll To Top