تازہ ترین
اداکارہ مدھو بالا کا 86 واں یوم پیدائش

اداکارہ مدھو بالا کا 86 واں یوم پیدائش

ویب ڈیسک:(14 فروری 2019) اداکارہ مدھوبالا کے مداح آج ان کاچھیاسی واں یوم پیدائش منارہے ہیں۔دلفریب مسکان والی مدھوبالا کو اب تک پرستار بھلا نہیں پائے ہیں۔

بالی وڈکی انتہائی خوبصورت اور مشہور فلمی اداکارہ جن کا اصل نام ممتاز جہان بیگم دہلوی تھا۔ 14 فروری 1933ء میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد کا تعلق پاکستان کے علاقے صوابی سے تھا جنہوں نے تقسیم ہند کے بعد بھارت میں ہی رہنے کو ترجیح دی ۔

مدھو بالا نے 1942ء میں اپنے اصل نام سے فلم ’’بسنت ‘‘ سے نو سال کی عمر میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا جسے بے حد کامیابی ملی،تاہم انہوں نے بعد ازاں مینا کماری اور دیویکا رانی کے مشورے پر اپنا فلمی نام مدھو بالا رکھ لیا۔

اداکارہ نے 14 سال کی عمر میں 1947ء میں راج کپور کے مقابل فلم ’’نیل کمل ‘‘ میں پہلی بار مرکزی کردار ادا کیااور بمبئی ٹاکیز کی فلم’’محل ‘‘اور ’’دلاری‘‘نے 1949ء میں ان کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا جبکہ وہ 1952ء میں معروف امریکی میگزین ’’تھیٹر آرٹس ‘‘کے اگست کے شمارے کی زینت بنیں جس میں ان کو دنیا کی بڑی اسٹار قرار دیا گیا ۔

مدھو بالا نے درجنوں فلموں میں کام کیا جن میں ممتاز محل، دلاری ، محل ، امتحان ، مدھوبالا،چلتی کا نام گاڑی ، امر ، مغل اعظم، بے قصور، ارمان اور دیگر شامل ہیں، 1964ء میں ریلیز ہونے والی فلم’’شرابی ‘‘ ان کی آخری فلم تھی۔اپنے دور میں ان کی دلیپ کمار اور اشوک کمار کے ساتھ فلمی جوڑی بہت مقبول رہی۔

مدھو بالا کا دلیپ کمار سے زبردست رومانس چلا وہ شادی بھی دلیپ کمار سے ہی کرنا چاہتی تھیں مگر ایسا ممکن نہ ہو سکا تاہم ان کی شادی اس وقت کے نامور گلوکار کشور کمار سے ہوئی۔

اداکارہ مدھو بالا صرف 36 سال کی عمر میں 23 فروری 1969ء کو عارضہ قلب میں مبتلا ہوکر اس دنیا سے رخصت ہوگئی لیکن اپنے کام سے ہمیشہ کے لئے امر ہو گئی۔

Comments are closed.

Scroll To Top