تازہ ترین
اسلام آباد یونائیٹڈ سے شکست کے بعد کراچی کنگز ایونٹ سے باہر

اسلام آباد یونائیٹڈ سے شکست کے بعد کراچی کنگز ایونٹ سے باہر

کراچی: (14 مارچ 2019) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 4 کے ایلیمنیٹر میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 162 رنز کا ہدف دیا ہے۔

نیشنل اسٹڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی کی جانب سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور کولن منرو نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 52 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا۔

کنگز کو پہلا نقصان کولن منرو کی صورت میں ہوا جب وہ 11 گیندوں پر 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کراچی کنگز کی دوسری وکٹ 102 رنز پر اس وقت گری جب لونگ اسٹون 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور پھر جلد ہی بابراعظم بھی 42 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

تین کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کراچی کا کوئی بھی کھلاڑی اسلام آباد کے بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنا سکی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے موسیٰ خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فہیم اشرف نے دو جب کہ رومان رئیس اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آج کا میچ دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہم ہے اور ہارنے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو جائے گی۔ آج کے میچ کی فاتح ٹیم گزشتہ روز کوالیفائر میں شکست کھانے والی ٹیم پشاور زلمی سے جمعہ کو مقابلہ کرے گی۔

دونوں ٹیمیں ایونٹ کے 5،5 میچز جیت چکی ہیں اور دونوں کے پاس 10،10 پوائنٹس ہیں تاہم پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ تیسرے اور کراچی کنگز چوتھے نمبر پر ہے۔

Comments are closed.

Scroll To Top