تازہ ترین
کراچی کی بہتری کیلئے ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، فواد چوہدری

کراچی کی بہتری کیلئے ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد: (18 اکتوبر 2018) وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کراچی کے فنڈز کے ٹھیک طرح سے استعمال نہ ہونے کی شکایات ہیں۔ حکومت نے شہر کی بہتری کیلئے گورنر سندھ کی سربراہی میں ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں فاٹا اصلاحات سے متعلق جائزہ لیا گیا۔ ہم فاٹا کے انضمام کی جانب بڑھ رہے ہیں، اس لیے فاٹا سیکریٹریٹ ختم ہو جائے گا اور انتظامیہ ڈھانچہ چیف منسٹر سیکریٹریٹ کے ماتحت ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں چاروں صوبوں کی ایڈجسٹمنٹ کرنی ہے، اس میں صوبوں کا حصہ کم کریں گے اور فاٹا کو 3 فیصد دیں گے۔ این ایف سی ایوارڈ میں تمام صوبوں کو حصہ فاٹا کیلئے دینا پڑے گا۔ وزیر اعظم نے فوری طور پر این ایف سی ایوارڈ کے طریقہ کار پر نظرثانی کا کہا ہے۔وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ اسلحہ لائسنس کے حوالے سے کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی سربراہی وزیر داخلہ کریں گے اور صوبائی وزرائے داخلہ اس کے ممبر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ حکومت نے خودکار اسلحہ اور ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس ختم کردیئے تھے۔ اب صوبوں کو فیصلہ کرنا ہے کہ اسلحہ لائسنس سے متعلق ان کی کیا پالیسی ہوگی۔ اسلحہ سے متعلق نئی پالیسی بنانا ہوگی۔ اس سے متعلق وزارت قانون سپریم کورٹ میں دائر رٹ پٹیشن واپس لے گی۔فواد چوہدری نے کہا کہ کراچی کی ترقی اور معاملات کو حل کرنا تحریک انصاف کا ایجنڈا ہے۔ بلوچستان اور کراچی کا اوپر جانا بہت ضروری ہے۔ شکایات ہیں کہ کراچی کے فنڈز ٹھیک طرح سے استعمال نہیں ہورہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی نے پاکستان تحریک انصاف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اسے بھرپور طریقے سے وفاق میں نمائندگی ملی ہے۔ اگر وفاق مدد نہ کرے تو کراچی کی اس سے بدتر حالت ہو۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پہلی بار کراچی لسانی سیاست سے باہر آیا ہے۔ شہر کے حالات کی بہتری کیلئے ٹاسک فورس بنائی ہے جو گورنر سندھ کی سربراہی میں کام کرے گی۔ صوبائی حکومت کو بھی کراچی کے معاملات میں ساتھ لے کر چلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایرا کو این ڈی ایم اے میں ضم کیا جائے گا، ملازمین اور چیئرمین ایرا کو بھی این ڈی ایم اے میں ضم کیا جائے گا۔ ہماری کوشش ہے کہ کسی بھی شخص کو نوکری سے نہ نکالا جائے۔فواد چوہدری نے کہا کہ غیر ملکی دوروں میں 33 فیصد کمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وفاقی وزراء تین سے زیادہ غیر ملکی دورے نہیں کرسکیں گے، جبکہ انتہائی ضروری دورے کیلئے وزیراعظم سے اجازت لینا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کاشتکاروں کے مفادات کے ساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ گنے کا کرشنگ سیزن ہر صورت 15 نومبر سے شروع ہوگا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایل این جی ٹرمینل سے متعلق چونکا دینے والے حقائق سامنے آئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے۔ جو کچھ یہ ملک کے ساتھ کرکے گئے ہیں ان کو اپنے گھروں میں کنڈی بند کرکے بیٹھنا چاہ۔ے۔انہوں نے کہا کہ جب احتساب کے عمل کی بات ہوتی ہے تو شور شروع ہو جاتا ہے۔ اپوزیشن کے لوگ اپنے گریبان میں نہیں جھانکتے، صرف شور کرتے ہیں۔ ہم جن مسائل کا سامنا کر رہے ہیں وہ گذشتہ حکومت والوں کے ہی کرتوت ہیں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ایل این جی ٹرمینل ٹو پر یومیہ 2 لاکھ 45 ہزار ڈالرز ادا کرنا پڑتا ہے۔اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال سمیت دس نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں حکومت کے 100 روزہ پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ مختلف ٹاسک فورسز کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔اجلاس کے دوران کابینہ نے گیس کی قیمتوں میں اضافے اور دیگر امور پر اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کردی ہے۔

اجلاس میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے سے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیا گیا جبکہ منصوبے کیلئے زمین کی دستیابی اور معاشی پلان پر متعلقہ وزارتوں نے بریفنگ بھی دی۔

یہ بھی پڑھیے

وفاقی کابینہ نے ترکی کے ساتھ ہائیڈرو پاور معاہدے کی منطوری دیدی

نیب قوانین میں اصلاحات چاہتے ہیں تو ہم حاضر ہیں، فوادچوہدری

 

Spread the love

Comments are closed.

Scroll To Top