تازہ ترین
پاکستان کو بلیک لسٹ میں ڈالنے پر سینئر امریکی حکام کی دفترخارجہ طلبی

پاکستان کو بلیک لسٹ میں ڈالنے پر سینئر امریکی حکام کی دفترخارجہ طلبی

اسلام آباد: (12 دسمبر 2018) پاکستان کو مذہبی آزادی کی خلاف ورزی کے مرتکب ممالک کی فہرست میں ڈالنے کے معاملے پر سینئر امریکی حکام کو دفترخارجہ طلب کیا گیا۔ پاکستان کی جانب سے امریکی حکام سے شدید احتجاج کیا گیا اور احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے امریکی حکام کو شدید احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے پاکستان کی جانب سے احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو آئین کے مطابق تمام تر مذہبی آزادی ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ سلوک کو بھی نظر انداز کیا گیا، امریکا مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو کیسے نظر انداز کر سکتا ہے؟احتجاجی مراسلے میں سخت موقف اپناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان کو اپنی اقلیتوں سے متعلق کسی سے لیکچر کی ضرورت نہیں ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق امریکی حکام نے دفتر خارجہ حکام کو پاکستانی احتجاج، مراسلہ اور حقائق کی ترسیل کی یقین دہانی کرائی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز امریکا نے مذہبی آزادی کی خلاف ورزیوں پر پاکستان کو بلیک لسٹ میں شامل کیا ہے۔ امریکا نے مذہبی آزادی کی خلاف ورزیوں کے الزام میں پچھلے سال پاکستان کو واچ لسٹ میں رکھا تھا تاہم گذشتہ روز امریکا نے پاکستان کو بلیک لسٹ میں شامل کر دیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بین الاقوامی ایکٹ برائے مذہبی آزادی 1998ء کے تحت پاکستان سمیت سعودی عرب، چین، ایران، شمالی کوریا، برما، اریٹیریا، سوڈان، تاجکستان اور ترکمانستان کو بلیک لسٹ میں شامل کر دیا ہے۔امریکا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اقلیتوں سے روا سلوک پر پاکستان پر دباؤ بڑھانےکیلئے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی مذہبی آزادی کا تحفظ ٹرمپ انتظامیہ کی خارجہ پالیسی کی ترجیح ہے۔ مائیک پومپیو نے کہا کہ امن و استحکام اور خوشحالی کیلئے مذہبی آزادی کا تحفظ بے حد ضروری ہے۔امریکا دیگر حکومتوں، سول سوسائٹی اور مذہبی رہنماؤں کے ساتھ مل کر مذہبی آزادی کیلئے کام کرنے پر کاربند ہے۔ امریکا مذہبی آزادی سے متعلق ہرسال فہرست جاری کرتا ہے اور پاکستان اس فہرست میں برقرار رہا تو اس پر ممکنہ طور پر جرمانہ بھی عائد ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

مذہبی آزادی کی خلاف ورزی: امریکا نے پاکستان کو بلیک لسٹ میں شامل کردیا

گیس لیکج کے باعث دفتر خارجہ کی خاتون افسر جاں بحق

 

Comments are closed.

Scroll To Top