تازہ ترین
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 13 ستمبر کو طلب

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 13 ستمبر کو طلب

اسلام آباد: (11 ستمبر 2018) پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 13 ستمبر کو طلب کرلیا گیا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ جبکہ نئی قومی اسمبلی کا معمول کا اجلاس 14 ستمبر کو شروع ہوگا۔ اسپیکر نے پارلیمانی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد قائمہ کمیٹیوں کی تقسیم کا فیصلہ بھی کرلیا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس اور قومی اسمبلی کے شیڈول کے مطابق اجلاس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں تمام جماعتوں کی مشاورت کے بعد 13 ستمبر کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اجلاس سے خطاب کر کے پارلیمانی سال کا آغاز کریں گے۔ جبکہ 14 ستمبر کو نئی قومی اسمبلی کا معمول کا باقاعدہ اجلاس شروع ہوگا۔اجلاس میں قائمہ کمیٹیوں کی تقسیم کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی اور سابقہ طریقہ کار برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق 31 قائمہ کمیٹیوں میں سے 16 حکومت اور اس کے اتحادیوں جبکہ 15 کمیٹیاں اپوزیشن کو دی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن میں مسلم لیگ (ن) کو 9، پیپلزپارٹی کو 5 اور ایم ایم اے کے حصہ میں ایک کمیٹی آئے گی۔اجلاس میں اسپیکر نے اپوزیشن رہنماؤں کو درخواست کی کہ انہیں جلد ارکان کے نام فراہم کردیئے جائیں تاکہ بزنس ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دی جاسکے۔

اس موقع پر اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ جمہوریت کے تسلسل سے جمہوری ادارے مستحکم ہوئے ہیں۔ عوام کی اس پارلیمان سے بڑی اُمیدیں وابستہ ہیں۔ عوام کو سہولت دینے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہمیں مل کر نظام کو چلانا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے

پارلیمنٹ حملہ کیس: پی ٹی آئی قیادت کا بریت کیلئے درخواستیں دائر کرنے کا فیصلہ

آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی پارلیمنٹ ہاؤس آمد

 

Comments are closed.

Scroll To Top