تازہ ترین
وزیراعظم ہاؤس میں موجود بھینسوں کی نیلامی 27 ستمبر کو ہوگی

وزیراعظم ہاؤس میں موجود بھینسوں کی نیلامی 27 ستمبر کو ہوگی

اسلام آباد: (20 ستمبر 2018) وزیراعظم ہاؤس میں موجود بھینسوں کی نیلامی 27 ستمبر کو ہوگی۔ نیلامی کیلئے وزیر اعظم ہاؤس نے نوٹس بھی جاری کردیا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق بھینسوں کی نیلامی 27 ستمبر کو صبح 11 بجے منی ڈیری فارم وزیراعظم ہاؤس میں ہوگی۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 3 نیلی راوی بھینسیں ایک کٹا اور 4 کٹیاں نیلامی کیلئے پیش کی جائیں گی۔ بھینسیں سب سے زیادہ بولی لگانے والے کو دی جائیں گی۔نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مجاز اتھارٹی وجہ بتائے بغیر بولی مسترد کرنے کا بھی اختیار رکھتی ہے۔

اس سے قبل 17 ستمبر کو وزیر اعظم ہاؤس میں گاڑیوں کی نیلامی ہوئی تاہم 102 میں سے صرف 61 گاڑیاں ہی نیلام ہو سکیں۔

ایڈمنسٹریٹر وزیراعظم ہاؤس میجر آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جن گاڑیوں کی بولی نہیں لگی، ایف بی آر ان کی قیمتوں کا دوبارہ تعین کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ نیلامی کیلئے پیش کی گئی 102 گاڑیوں کی مالیت ایک ارب روپے سے زائد تھی۔ تاہم 61 گاڑیوں کی نیلامی سے تقریباً 20 کروڑ روپے حاصل ہوئے۔انہوں نے کہا کہ امید تھی بم پروف گاڑی کی بولی 16 کروڑ سے اوپر جائے گی، جبکہ دو بم پروف گاڑیوں میں سے کوئی نیلام نہیں ہوئی۔

ایڈمنسٹریٹر وزیراعظم ہاؤس نے کہا کہ27 لگژری اور بلٹ پروف گاڑیوں میں سے 7 کی نیلامی ہوئی۔مجموعی طور پر وزیراعظم ہاؤس کیلئے کابینہ ڈویژن کے پاس 200 سے زائد گاڑیاں ہیں، جن میں سے 102 گاڑیاں پہلے مرحلے میں اور باقی آئندہ نیلام کی جائیں گی۔

نیلام کی جانے والی کئی گاڑیاں وزیراعظم کے پروٹوکول جبکہ کئی غیر ملکی مہمانوں کے پروٹوکول کی ہیں۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے گذشتہ ماہ 31 اگست کو وزیراعظم ہاؤس کی اضافی گاڑیاں فوری نیلام کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

جبکہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں بھی وزرائے اعظم کے زیر استعمال لگژری گاڑیوں کی نیلامی کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

وزیراعظم ہاؤس کی 102 میں سے 61 گاڑیاں نیلام

وزیراعظم کے دوستوں کو حکومتی عہدے نوازنے کا تاثرغلط ہے، نعیم الحق

 

Comments are closed.

Scroll To Top