تازہ ترین
وزیراعظم عمران خان کا نیوز پرنٹ پر عائد 5 فیصد ڈیوٹی ختم کرنے کا اعلان

وزیراعظم عمران خان کا نیوز پرنٹ پر عائد 5 فیصد ڈیوٹی ختم کرنے کا اعلان

اسلام آباد: (17 اکتوبر 2018) وزیراعظم عمران خان نے نیوز پرنٹ پر پانچ فیصد ڈیوٹی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے۔ میڈیا کی مثبت تنقید کا خیر مقدم کریں گے، مسائل پر جلد قابو پالیا جائے گا۔

وزیر اعظم عمران خان سے پی بی اے، سی پی این ای اور اے پی این ایس کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں میڈیا کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ ویڈیو دیکھنے کیلئے پلے کا بٹن دبائیے

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ میڈیا کی مثبت تنقید کا خیر مقدم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ عام آدمی کی مشکلات کوکم کیا جائے۔ توقع ہے کہ جلد مسائل پر قابو پالیں گے۔

وزیر اعظم نے میڈیا انڈسٹری کے مسائل حل کرنے کی یقین دہائی بھی کروائی اور نیوز پرنٹ پر عائد پانچ فیصد ڈیوٹی ختم کرنے کا اعلان بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ ہمیں آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑے، مسائل کے حل کیلئے دوست ممالک سے رابطہ کررہے ہیں۔ حکومت تعلیم، صحت اور ثقافت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ اقتصادی مسائل کے سبب میڈیا کو بھی مسائل ہیں۔اس سے قبل گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی اور ایوان صنعت و تجارت کے وفد نے ملاقات کی۔ اے پی این ایس کے وفد نے وزیراعظم کو بریفنگ دی اور میڈیا کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

عمران خان نے کہا کہ اگر میڈیا نہ ہوتا تو وہ آج یہاں نہ ہوتے۔ ہم میڈیا کو مکمل سپورٹ کریں گے۔

ایوان صنعت و تجارت کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت کی بحالی کیلئے کوشاں ہے اور جلد حالات بہتر ہوں گے۔ اس وقت معیشت کو مشکل حالات کا سامنا ہے تاہم آنے والے وقت میں بہتری آئے گی۔ایوان صنعت و تجارت وفد نے وزیراعظم کو تاجر برادری اور مقامی صنعت کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور معاشی استحکام اور صنعتی ترقی کیلئے بھی تجاویز دیں۔ وفد نے انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کی بحالی کے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کیا۔

وفد کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ مقامی تاجر برادری اور مقامی صنعت حکومت سے تعاون کی خواہاں ہے کیونکہ مسائل کا حل ضروری ہے۔ پاکستانی مقامی صنعت میں بہت صلاحیت موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیے

وزیراعظم عمران خان کی تاجر برادری اور میڈیا سے تعاون کی یقین دہانی

پچاس لاکھ گھروں کے منصوبے کی افادیت سے عوام کو آگاہ کیاجائے،عمران خان

 

Spread the love

Comments are closed.

Scroll To Top