تازہ ترین
ورلڈ الیون کیخلاف میچ میں پاکستان نے اپنا چوتھا بہترین مجموعہ بنایا

ورلڈ الیون کیخلاف میچ میں پاکستان نے اپنا چوتھا بہترین مجموعہ بنایا

لاہور (13 ستمبر 2017) پاکستان نے ورلڈ الیون کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں اپنا چوتھا بہترین مجموعہ بنایا۔ دونوں ٹیموں نے 38چوکے اور 13 چھکے لگائے۔ بابراعظم 10 چوکوں اور 2 چھکوں سمیت 86 رنز بناکر نمایاں رہے۔ بہترین بولنگ سہیل خان نے کی۔

قذافی اسٹیڈیم میں تیز تر اور برق رفتار پہلے ٹی ٹوئنٹی میں چوکوں چھکوں کی برسات نے تماشائیوں کو خوب لطف اندوز کیا۔ 40 اوورز کے کھیل میں مجموعی طور پر 376 رنز اسکور کئے گئے۔ پاکستان نے اپنا چوتھا بہترین مجموعہ تشکیل دیا۔ گرین شرٹس کا ٹی ٹوئنٹی میں بہترین اسکور 203 رنز بنگلہ دیش کے خلاف ہے۔

پاکستان اور ورلڈ الیون نے 38 چوکے اور 13 بلند و بالا چھکے رسید کئے۔ دونوں ٹیموں نے 19، 19 چوکے لگائے۔ جبکہ پاکستان کی جانب سے 6 اور ورلڈ الیون نے 7 چھکے لگائے۔ سب سے زیادہ 10 چوکے بابر اعظم نے لگائے۔ ہاشم آملا اور ٹم پین نے 4، 4 چوکے رسید کئے۔ 3 چھکے ڈیرن سیمی نے لگائے۔

بابراعظم نے میچ کی واحد نصف سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 52 گیندوں پر 86 رنز 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے اسکور کئے۔ بابر اعظم اور احمد شہزاد نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 122 رنز کا اضافہ کیا جوکہ اس وکٹ کے لئے پاکستان کی دوسری اور دنیا کی دسویں بہترین شراکت ہے۔

فخر زمان نے مورنی مورکل کی پہلی 2 گیندوں کو باؤنڈری کے پار بھیجا۔ چوتھی بال پر مورکل نے پہلی وکٹ اور ہاشم آملا نے پہلا کیچ لیا۔ پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے میچ کا واحد اسٹمپ شاداب خان کی گیند پر کیا۔ بہترین بولنگ 28 رنز پر 2 کھلاڑی آؤٹ سہیل خان نے کرائی۔ رومان رئیس، شاداب خان اور تشارا پریرا نے بھی 2،2 وکٹیں لیں لیکن رنز زیادہ دیئے۔

یہ بھی پڑھیئے

پاکستان نے ورلڈ الیون کو شکست دے دی

Comments are closed.

Scroll To Top