تازہ ترین
نواز شریف چوتھی بار بھی وزیراعظم ہونگے: مریم نواز

نواز شریف چوتھی بار بھی وزیراعظم ہونگے: مریم نواز

لاہور: (12 ستمبر 2017) رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے کہا کہ میاں نواز شریف کل بھی تھا آج بھی ہے اور کل بھی رہے گا، نواز شریف کو چوتھی مرتبہ وزیراعظم بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے اقلیتی ونگ کے ورکرز کنونشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کا جذبہ دیدنی ہے، این اے 120 میں جب الیکشن مہم پر نکلتی ہوں تو یہ جذبہ ہر گلی ہر گھر میں نظر آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی اقلیت، کوئی اکثریت نہیں ہوتی ہے، ہم سب جس لیڈر کے ماننے والے ہیں وہ کہتا ہے انکو اقلیت مت کہو یہ سب پاکستانی ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو جس طرح نااہل کیا گیا وہ سب کے سامنے ہے، نواز شریف کو اس لئے نااہل کیا گیا کہ پورے پاکستان میں صرف وہی حقیقی لیڈر ہیں، نواز شریف کو اس لئے نا اہل کیا گیا کیونکہ وہ حقیقی طور پر اہل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب کو ڈر تھا کہ نواز شریف 2018 کا الیکشن بھی جیت جائے گا، انشاء اللہ 2018 کا الیکشن بھی نواز شریف ہی جیتے گا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف چوتھی مرتبہ بھی وزیراعظم بنیں گے، انہیں وزیراعظم بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔


مریم نواز نے اقلیتی کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ این اے 120 میں تمام مسیحی اور ہندو بہن بھائیوں کو میسج دے دو کہ اگر پاکستان کی ترقی چاہتے ہو تو 17 ستمبر کو شیر پر مہر لگاؤ، اگر ترقی کرتا ہوا پاکستان چاہتے ہو تو نواز شریف کا ساتھ دو۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کرانا چاہتے ہو تو نواز شریف کا ساتھ دو، اگر پاکستان کی ترقی اور ووٹ کی عزت چاہتے ہو تو کلثوم نواز کو ووٹ دو۔

مریم نواز نے کارکنوں کو مخطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ سے کچھ سوال پوچھنے ہیں۔ انہوں نے کارکنوں سے سوال کئے کہ کیا آپ کو نواز شریف کی نا اہلی کا فیصلہ منظور ہے؟ اگر نااہلی کا فیصلہ منظور نہیں تو کیا نواز شریف کی جدو جہدو میں اسکا ساتھ دو گے؟ کون ہے جس نے 4 سال کی محنت کے بعد لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے دور کئے؟ کون ہے جس نے پاک چین اکنامک کوریڈور شروع کیا؟ کون ہے جس نے ملک کو معاشی استحکام دیا؟

مریم نواز نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کارکنوں سے مزید سوالات کئے کہ کون ہے جس نے پاکستان کو سازشوں کے علاوہ کچھ نہیں دیا؟ کون ہے جس نے دھرنوں کی سیاست شروع کی؟ کون ہے وہ جب خیبر پختونخواہ میں ڈینگی کی آفت آئی تو وہ سرکاری ریسٹ ہاؤس میں چھپ گیا؟ کون ہے وہ جو لاہور میں آکر ووٹ مانگتا ہے اور لاہور کی ترقی کو گالیاں دیتا ہے؟ کون ہے جو لندن میں شادیوں میں شرکت کر رہا ہے اور یہاں پشاور میں لوگ ڈینگی سے مر رہے ہیں؟

یہ بھی پڑھئے

نوازشریف کے ساتھ ہونے والی زیادتی ہمیں منظور نہیں، مریم نواز

سترہ ستمبر کو عوام کی عدالت میں حقیقی فیصلہ ہوگا: مریم نواز

Comments are closed.

Scroll To Top