تازہ ترین
نواز شریف جلد جیل میں ہوں گے، فواد چوہدری

نواز شریف جلد جیل میں ہوں گے، فواد چوہدری

جہلم: (14 دسمبر 2018) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے معاملے پر شہباز شریف اور ان کی پارٹی نے بلیک میل کیا۔ جلد ہی میاں صاحب جیل میں ہوں گے۔

جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کر کے پارلیمانی عمل کی راہ میں رکاوٹ پیدا کررہی ہے۔ اپوزیشن کو ملکی ترقی اور امن سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

یہ ویڈیو دیکھنے کیلئے پلے کا بٹن دبائیے

انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں قومی ایشوز پر بحث ہونی چاہیے لیکن قو می اسمبلی نیب کے ملزمان کا اکھاڑا بن گئی ہے۔ تمام ملزمان صفائیاں دینے کیلئے قومی اسمبلی کا فورم استعمال کررہے ہیں۔ اپوزیشن کا ایجنڈہ صرف یہ ہے کسی طرح سے مقدمات سے جان چھڑائی جاسکے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کا مقصد اس کے علاوہ کچھ نہیں کہ جو پیسے پچھلے دس سال میں کمائے ہیں ان کو محفوظ کرسکیں، اس لیے وہ حکومت اور نیب پر گرج برس کر این آر او حاصل کرناچاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے تمام اداروں کا بیڑا غرق کردیا ہے، اب ہم ریزہ ریزہ لے کر نیا پاکستان بنا رہے ہیں۔ حکومت عوام سے کیے گئے وعدو ں پر قائم ہے اور دھیر ے دھیرے آگے بڑھ رہی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اقتدار میں رہنے والی پارٹیوں کا احتساب بلا امتیاز ہورہا ہے۔ تحریک انصاف اقتدار کا حصہ نہیں رہی، اس لیے اس کے ارکان کو گرفتار نہیں کیا جا سکتا۔ البتہ کے پی کے میں تحریک انصاف کی حکومت کے حوالے سے جن پر الزامات ہیں وہ نیب میں جواب دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی اس لیے بنایا جارہا ہے کہ پارلیمان نہیں چل رہی تھی۔ شہبازشریف اور ان کی پارٹی نے بلیک میل کیا ہے جس کی وجہ سے شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیراطاعات و نشریات نے کہا کہ راناثناءاللہ کو پہلے سانحہ ماڈل ٹاﺅن پر گرفتار کرنا چاہیے۔ یہ جو چیخ چلا رہے ہیں ان کو شہبازشریف یا خواجہ سعد رفیق سے کوئی ہمدردی نہیں ہے، ان کو پتہ ہے کہ ان کی باری بھی آنے والی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کوئی محکمہ ایسا نہیں جس پر نواز شریف اینڈ کمپنی نے ہاتھ رکھا ہو اور وہ تباہ نہ ہوا ہو۔ وزیر اعظم عوام سے کیے گئے تمام وعدے ضرور پورے کریں گے۔تجاوزات کے خلاف آپریشن کے حوالے سے وزیر اطلاعات نے کہا کہ جہاں غریب لوگوں کی رہائشگاہیں ہیں ان کو نہیں ہٹایا جائے گا لیکن کمرشل بنیادوں پر کی گئی تجاوزات کا خاتمہ کردیا جائے گا۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ملک میں احتساب کا نظام شفاف طریقے سے چل رہا ہے۔ نواز شریف کے خلاف ریفرنسز آخری مرحلے میں داخل ہورہے ہیں اور جلد ہی میاں صاحب جیل میں ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیے

شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئرمین بنانے کا فیصلہ غلط ہے، فواد چوہدری

عوام دس سال کی لوٹ مار کا حساب چاہتے ہیں، فواد چوہدری

 

Comments are closed.

Scroll To Top