تازہ ترین
مکڑی نے چینی شخص کے کان میں جالا بُن دیا

مکڑی نے چینی شخص کے کان میں جالا بُن دیا

بیجنگ:(07 ستمبر 2018) کان میں سرسراہٹ اور درد میں مبتلا ایک شخص جب ڈاکٹر کے پاس گیا تو خود ڈاکٹر یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ مریض کے کان میں جالا بُنا ہوا ہے اور وہاں مکڑی بھی موجود ہے۔

چین کے شہر ڈالیان میں یہ واقعہ ایک سرکاری اسپتال میں پیش آیا جہاں ڈاکٹر سوئے شُولِن نے مریض کے بائیں کان کا معائنہ کیا تو معلوم ہوا کہ اندر نہ صرف ایک چھوٹی مکڑی موجود ہے بلکہ اس نے اوپر کی جانب جالا بھی بن دیا ہے۔ 60 سالہ مریض نے شکایت کی تھی کہ اس کے کان میں سرسراہٹ اور ڈھول کی طرح کی آوازیں محسوس ہوتی ہیں۔

یہ ویڈیو دیکھنے کیلئے پلے کا بٹن دبائیے

ڈاکٹر کو شبہ تھا کہ شاید مریض کے کان میں کوئی چھوٹا کیڑا موجود ہے لیکن اس کے گمان میں بھی نہ تھا کہ بہت عرصے سے مکڑی اندر بیٹھی ہے اور یہاں تک کہ اس نے کان کے اندر جالے بھی بنادیئے ہیں۔ ڈاکٹرنے کان کا بغور معائنہ کیا تو معلوم ہوا کہ مکڑی کا جالا 5 سینٹی میٹر تک کی گہرائی میں موجود ہے۔ جالا اتنا زیادہ ہے کہ اس پر صبح کی دھند کا گمان ہورہا ہے۔

جیسے ہی ڈاکٹر نے اینڈواسکوپ کومزید کان کے اندر اتارا تو انہیں ایک چھوٹی مکڑی بھی دکھائی دی جسے ویڈیو میں بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر نے مشکل سے خود پر قابو پاتے ہوئے مریض کو بتایا اور اسے بھی مطمئن رہنے کو کہا۔ اس کے بعد ایک خاص سرنج میں پانی بھر کر اس کی زوردار پچکاری کان میں ماری گئی اور مکڑی بہہ کر باہر نکل آئی۔ اس طرح مریض کو اس کیفیت سے نجات ملی۔

ڈاکٹر سوئے شُولِن نے بتایا کہ وہ مریضوں کے کان سے اڑنے والے کیڑے اور حتیٰ کہ لال بیگ بھی نکال چکے ہیں لیکن جالے سمیت مکڑی کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ ان تمام باتوں کے باوجود مریض کی سماعت کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

یہ بھی پڑھیے

دنیا کی پہلی خودکار روبوٹک کشتی نے بحرِ اوقیانوس عبور کرلیا

آسٹریلیا میں 3 بسیار خوروں نے 16 کلوگرام کھانا کھا کر مقابلہ جیت لیا

Comments are closed.

Scroll To Top