تازہ ترین
ملیحہ لودھی کا نام دنیا کی 5 کامیاب ترین خواتین میں شامل

ملیحہ لودھی کا نام دنیا کی 5 کامیاب ترین خواتین میں شامل

ماسکو (12 فروری 2018) روس کی سرکاری ویب سائٹ نے ملیحہ لودھی کا نام دنیا کی 5 کامیاب ترین خواتین کی فہرست میں شامل کرلیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس کی سرکاری ویب سائٹ نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا نام دنیا کی 5 کامیاب ترین خواتین کی فہرست میں شامل کرلیا ہے۔

روسی ویب سائٹ حکام کا کہنا ہے کہ ملیحہ لودھی مسلمان ممالک میں مقبول ترین شخصیت ہیں۔ روس میں 10 فروری کو سفارتکاروں کے عالمی دن کے موقع پر روس کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری فہرست کے مطابق پاکستانی مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی مسلمان ممالک میں مقبول ترین خاتون شخصیت ہیں۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی دو مرتبہ امریکا میں پاکستانی سفیر تعینات رہیں اور اس کے علاوہ وہ برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر کے عہدے پر بھی اپنے فرائض انجام دے چکی ہیں۔

انہوں نے امریکہ میں پاکستان کی سفیر کی حیثیت سے 1993 سے 1996 اور 1999 سے 2002 تک خدمات انجام دیں جبکہ 2003 سے 2008 تک برطانیہ میں پاکستان کی ہائی کمشنر رہیں۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو فروری 2015 میں پاکستان کی جانب سے اقوامِ متحدہ میں مستقل مندوب تعینات کیا گیا تھا اور اس عہدے پر وہ اس وقت بھی براجمان ہیں۔

ملیحہ لودھی جنوبی ایشیا کی پہلی خاتون ہیں جو کسی اخبار کی ایڈیٹر رہی ہیں۔

اس فہرست میں روس کی سفارت کار الیانورا مترافونوا سرِ فہرست ہیں، جبکہ دیگر خاتون سفارتکاروں میں کرغیزستان کی روزا اتن بائیوا، ہالینڈ کی رینے جونزبوس اور سوئیڈن کی ایلوا ماڈال شامل ہیں۔

روسی سفارت کار الیانورا مترافونوا اس وقت روس کی وزارت خارجہ میں سفیر کے فرائض انجام دے رہی ہیں جبکہ وہ اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے تعلیم، سائنس اور ثقافت (یونیسکو) کے امور کی نگراں بھی ہیں۔

فہرست میں شامل کرغیزستان کی سفارتکار روزا اتن بائیوا کرغیزستان کی تیسری صدر رہ چکی ہیں جبکہ انہوں نے ملک کی وزیر خارجہ کی حیثیت سے بھی اپنے فرائض انجام دیئے۔

ہالینڈ کی سفارت کار رینے جونزبوس 2016 سے روس میں سفیر کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔

فہرست میں شامل سوئیڈن کی ایلوا ماڈال 1986 میں انتقال کر گئیں تھیں تاہم ان کا نام بھی ویب سائٹ نے نامور خاتون سفارتکاروں میں شامل کیا۔

ایلوا ماڈال ایک سیاسی خاندان سے تعلق رکھتی تھیں اور انہوں نے جنگ عظیم دوم کے بعد اپنے ملک کے حالات کو احسن انداز میں سنبھالا، انہیں 1982 کو نوبیل انعام سے بھی نوازا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

اقوام متحدہ میں اصلاحات جمہوری اصولوں پر ہونی چاہیے، ملیحہ لودھی

مسئلہ کشمیراورفلسطین حل نہ ہوا تو لوگ اقوام متحدہ پراعتماد کھودیں گے، ملیحہ لودھی

Spread the love

Comments are closed.

Scroll To Top