تازہ ترین
ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس اختتام پذیر

ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس اختتام پذیر

ویب ڈیسک: (20 ستمبر 2018) ملک بھر میں نو محرم الحرام کے جلوس مقرر کردہ راستوں سے گزر کر اختتام پذیر ہو گئے ہیں۔ مختلف شہروں میں بند موبائل سروس بھی جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہوگئی۔

نو محرم الحرام کو ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں نواسہ رسول صلی اللہ علییہ وآلہ وسلم اور ان کے خانوادے کی یاد میں مجالس کا اہتمام کیا گیا اور جلوس بھی نکالے گئے۔شہر شہر، گاؤں گاؤں اور قریہ قریہ حضرت علی اکبر کی یاد میں ماتم اور پرسہ داری کا سلسلہ جاری رہا۔جلوسوں کے راستوں پر سیکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرون کیمروں سے بھی جلوسوں کی نگرانی کی گئی۔تاہم اب ملک بھر میں نو محرم الحرام کے جلوس مقرردہ راستوں سے گزر کر اختتام پذیر ہوگئے ہیں۔دوسری جانب مختلف شہروں میں بند موبائل سروس بھی جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔

کراچی

کراچی کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہونے کے بعد اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوا، جبکہ نماز ظہرین امام بارگاہ علی رضا پر ادا کی گئی۔ شاہ نجف مارٹن روڈ سے نکلنے والا جلوس نشتر پارک میں برپا ہونے والی مجلس میں شامل ہوا۔کراچی کے مرکزی جلوس کی ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی نگرانی کی گئی۔

لاہور

لاہور کا مرکزی جلوس نو محرم الحرام کی صبح نکلسن روڈ سے برآمد ہوا۔ جبکہ کرشن نگر میں پاؤنڈ اسٹریٹ سے برآمد ہونے والا شبیہہ علم و ذوالجناح کا جلوس خیمہ سادات سے ہوتا ہوا رات 12 بجے واپس پاؤنڈ اسٹریٹ پہنچے گا۔

 اسلام آباد

اسلام آباد کے جی سکس امام بارگاہ میں مجلس کے بعد عزا داروں نے نوحہ خوانی کرتے ہوئے جلوس برآمد کیا جو اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا امام بارگاہ اثنا عشریہ میں اختتام پذیر ہوا۔

پشاور

پشاور میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال سے برآمد ہوا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا دوبارہ حسینیہ ہال پر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے شرکاء نے نماز ظہرین کالا باڑی کے مقام پر ادا کی۔

 مظفر آباد

مظفر آباد میں مرکزی جلوس دوپہر دو بجے بالا پیر سے برآمد ہونے کے بعد اپنی روایتی راستوں سے ہوتا ہوا نماز مغربین تک مرکزی امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہوا۔

اوچ شریف

اوچ شریف میں محرم الحرام کا قدیمی جلوس امام بارگاہ محلہ خواجگان سے برآمد ہونے کے بعد اپنے روایتی راستوں سے گزر کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے راستوں پر لنگر نیاز اور سبیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔

ڈیرہ اسماعیل خان

ڈیرہ اسماعیل خان میں علم و ذوالجناح کا مرکزی جلوس مرکزی امام بارگاہ بموں شاہ سے برآمد ہونے کے بعد روایتی راستوں سے ہوتا ہوا جامع مسجد شیعہ لاٹو فقیر پر جا کر اختتام پذیر ہوا۔

اٹک

اٹک کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ کامپلور سیداں سے برآمد ہونے کے بعد کربلا حلیم شاہ پر اختتام پذیر ہوا۔

موبائل فون سروس معطل

ملک بھر کے بڑے شہروں میں نو اور دس محرم الحرام کے موقع پر سیکیورٹی خدشات کے باعث صبح نو بجے سے رات نو بجے تک موبائل فون سروس بھی معطل رہی جو اب جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔

ڈبل سواری پر پابندی

ملک کے بیشتر حصوں میں ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔ پنجاب بھر میں نو اور دس محرم الحرام کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد ہے جبکہ سندھ میں آٹھ سے دس محرم تک تین روز کیلئے ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے۔اس کے علاوہ پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد میں دس روز کیلئے ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔

یہ بھی پڑھیے

حکومت نے 9 اور 10 محرم الحرام کی چھٹیوں کا اعلان کردیا

پنجاب میں 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی عائد

 

Comments are closed.

Scroll To Top