تازہ ترین
ملک بھر میں جشن آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں جشن آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

ویب ڈیسک: (14 اگست 2018) پاکستان کا 72واں یوم آزادی آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

آج کے دن کی مناسبت سے صبح کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی خوشحالی، یکجہتی و استحکام اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعاﺅں سے ہوگا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔

ملک بھر میں یوم آزادی کی مناسبت سے خصوصی تقریبات اورسیمینارز کا انعقاد کیا جائے گیا جس میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح سمیت دیگر اہم شخصیات کی جدوجہد آزادی کیلئے انتھک کوششوں پر روشنی ڈالی جائے گی۔اس سلسلہ میں اہم سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرانے کے علاوہ انہیں برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے۔

کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

لاہور کے واہگہ بارڈر اور قصور کے گنڈا سنگھ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریبات ہوں گی جس میں ملک بھر سے ہزاروں کی تعداد میں عوام شریک ہوں گے۔عوام کی جانب سے بھی یومِ آزادی منانے کیلئے گھروں پر قومی پرچم لہرا دئیے گئے ہیں جبکہ گلی محلوں کو خوبصورت جھنڈیوں سے سجا دیا گیا ہے۔

پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے آج کے دن کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرلیے گئے ہیں اور مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ داخلی اور خارجی راستوں پر اہلکاروں کی تعداد بڑھا کر انہیں ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان کے سدا بہار ملی نغمے

جشن آزادی کی تیاریوں کی تصویری جھلکیاں

 

Spread the love

Comments are closed.

Scroll To Top