تازہ ترین
لیجنڈری مزاحیہ اداکار عمر شریف 63 برس کے ہوگئے

لیجنڈری مزاحیہ اداکار عمر شریف 63 برس کے ہوگئے

ویب ڈیسک:(19 اپریل 2018) بے ساختہ اداکاری، شگوفے چھوڑتی میزبانی، اچھوتے اور منفرد انداز سے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے ہر دل عزیز مزاحیہ اداکارعمر شریف تریسٹھ برس کے ہوگئے ہیں۔

کامیڈین عمر شریف انیس اپریل انیس سو پچپن کو کراچی میں پیدا ہوئے، ان کا اصل نام تو محمد عمر تھا لیکن شوبز میں آنے کے بعد انہوں نے اپنا نام عمر شریف رکھ لیا۔عمر شریف نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز انیس سو چہتر میں اسٹیج اداکاری سے کیا، انیس سو اسی میں پہلی بار اسٹیج ڈراموں کو آڈیو کیسٹ کے ذیعے ریلیز کرنے کا سہرا بھی عمر شریف کو حاصل ہے۔

ٹی وی اور اسٹیج کی دنیا پر راج کرتے ہوئے نوے کی دہائی میں عمر شریف کو جنوبی ایشیا کے کنگ آف کامیڈی کا خطاب دیا گیا۔اسٹیج ڈرامہ بکرا قسطوں پر عمر شریف کا ایک ایسا ڈرامہ ہے جو بے انتہا مشہور ہوا اور شاید ہی پاکستان میں کسی اسٹیج ڈرامے کو اس قدر مقبولیت ملی ہو، اس ڈرامے کے چار حصے بنائے گئے جو وقفے وقفے سے تھیٹر پر پیش کیے گئے۔

اسٹیج ڈراموں میں عمر شریف کے ساتھ مزاحیہ اداکار معین اختر کی جوڑی کو بے انتہا پسند کیا گیا، جس تھیٹر شو میں عمر شریف اور معین اختر ایک ساتھ کام کرتے اس ڈرامے کی مقبولیت کا تعین پہلے ہی کر لیا جاتا جو کبھی غلط ثابت نہ ہوا۔عمر شریف نے ٹی وی، اسٹیج اداکار، کمپیئر، فلم ڈائریکٹر، کمپوزر، شاعر، مصنف، پروڈیوسر غرض تمام ہی شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

اسٹیج و تھیٹر کی تاریخ عمر شریف کے ذکر کے بغیر ادھوری ہے، عمر شریف نے نہ صرف پاکستان میں بلکہ پڑوسی ملک بھارت سمیت دنیا بھر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔پاکستان شوبز انڈسٹری میں بے پناہ خدمات کے باعث حکومت پاکستان نے انہیں تمغہ امتیاز سے بھی نوازا ہے۔

 

 

یہ بھی پڑھیے

شہنشاہ جذبات اداکار محمد علی کا 87 واں یومِ پیدائش

مشرقی کوئل نازیہ حسن کی آج 53ویں سالگرہ

Spread the love

Comments are closed.

Scroll To Top