تازہ ترین
قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی 114 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر، الیکشن کمیشن

قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی 114 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر، الیکشن کمیشن

اسلام آباد:(27 جولائی 2018)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے 260، پنجاب کے 289، سندھ کے 118، خیبرپختونخوا کے 95 اور بلوچستان کے 45 حلقوں کے نتائج جاری کردیئے، جن کے مطابق قومی اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف، سندھ اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی، پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) جبکہ بلوچستان اسمبلی میں بلوچستان عوامی پارٹی کو برتری حاصل ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی 114، مسلم لیگ (ن) 62، پیپلز پارٹی 42، 12 آزاد امیدوار، متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے ) 11، پاکستان مسلم لیگ(ق) 2، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان 6، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس 2 اور عوامی مسلم لیگ، عوامی نیشنل پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی اور پاکستان تحریک انسانیت کو ایک ایک نشست حاصل ہوئی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کے 18، پنجاب کے 6 سندھ کے 11، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان کے 5 حلقوں کے نتائج جاری نہیں کیے گئے ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں پارٹی پوزیشن

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے اب تک کے نتائج کے مطابق پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کو 127، تحریک انصاف کو 117 اور آزاد امیدوار کو 27 نشستیں حاصل ہوئیں۔

سندھ اسمبلی میں پارٹی پوزیشن

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے نتائج کے مطابق سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی نے 72، پی ٹی آئی نے 20، ایم کیو ایم نے 12 اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے 11 نشستیں جیتیں جبکہ سندھ میں پاکستان تحریک انصاف ہمیشہ سے کامیابی حاصل کرنے والی جماعت پیپلز پارٹی کا مکمل صفایا کرنے میں ناکام رہی۔

خیبر پختونخواہ اسمبلی میں پارٹی پوزیشن

صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک بار پھر تحریک انصاف حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے نتائج کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی 66، متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) 10، عوامی نیشنل پارٹی 6 اور مسلم لیگ (ن) 5 نشستوں پر کامیاب رہی

بلوچستان اسمبلی میں پارٹی پوزیشن

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے نتائج کے مطابق بلوچستان اسمبلی میں بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) 13، ایم ایم اے 8 اور بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) 5 نشستوں پر کامیاب رہی۔

عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کا عوام کے نام پیغام

گذشتہ روز عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی پی ٹی آئی کی الیکشن میں زبردست کامیابی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا کہ اللہ نے آج آپ کو وہ لیڈر دیا ہے جو آپ کا خیال رکھے گا۔

ویڈیو دیکھنے کیلئے پلے کا بٹن دبائیے

عمران خان کی جانب سے دھاندلی کی شکایت پر تحقیقات کرانے کا اعلان

گذشتہ روز بنی گالہ میں قوم سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا کہ 22 سال کی جدوجہد کے بعد اللہ نے مجھے موقع دیا ہے کہ میں اپنے خواب کو پورا کر سکوں۔ جن لوگوں نے اتنی گرمی کے باوجود الیکشن کے عمل میں حصہ لیا انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انتخابی امیدواروں سمیت سیکیورٹی اہلکاروں نے بھی الیکشن کے عمل کیلئے اپنی جانیں دیں جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

یہ ویڈیو دیکھنے کیلئے پلے کا بٹن دبائیے

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ میں جس شخصیت سے متاثر ہوں وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں اور انہوں نے انسانیت کا ایسا نظام رائج کیا جس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کو ایسی فلاحی ریاست چاہتا ہوں جس طرح ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بنائی تھی لیکن ہماری ریاست میں یہ نظام الٹا ہے، جہاں آدھی سے زیادہ آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار ہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے ملک میں ڈھائی کروڑ پاکستانی بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ دنیا میں سب سے زیادہ ہماری خواتین زچہ و بچہ کے مرحلے میں مر جاتی ہیں اور پینے کا صاف پانی نہ ملنے کے باعث دنیا میں سب سے زیادہ پاکستانی بچے مر جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ساری پالیسیاں کمزور طبقے اور غریب کسانوں کیلئے بنیں گی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ سب سے زیادہ پیسہ انساتی ترقی پر خرچ ہو کیونکہ کوئی بھی ملک ترقی نہیں کرسکتا جہاں ایک چھوٹا سا جزیزہ امیروں کا ہو اور غریبوں کا سمندر ہو۔

عمران خان نے کہا کہ موجودہ الیکشن کمیشن (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے بنائی تھی اور نگراں حکومت بھی تمام سیاسی جماعتوں نے مشاورت کے ساتھ بنائی تھیں۔انہوں نے کہا کہ جب میں نے 2013ء میں دھاندلی کی بات کی تو ساری جماعتوں نے میری مخالفت کی تھی لیکن اگر کسی جماعت کو کسی بھی حلقے میں دھاندلی کی شکایت ہے تو ہم تعاون کریں گے اور وہ حلقے کھلوائیں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ یہ پاکستان کا سب سے صاف اور شفاف الیکشن ہوا جس پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیے

این اے 53: عمران خان نے شاہد خاقان عباسی کو شکست دے دی

این اے 131، عمران خان نے خواجہ سعد رفیق کو شکست دے دی

 

 

Spread the love

Comments are closed.

Scroll To Top