تازہ ترین
عہدِ کم نظراں اورولی کی تنہائی

عہدِ کم نظراں اورولی کی تنہائی

پیر کی رات گئے موبائل پر آنے والا میسج دن چڑھے دیکھا تو ایک شدید اُداسی اور دکھ کی لہر پورے وجود پر چھاگئی ۔یہ میسج معروف سینیر صحافی ولی رضوی کے انتقال کا تھا ۔میسج میں لکھا تھا کہ ولی رضوی اپنے تنہا فلیٹ میں مردہ پائے گئے ۔مجھے یاد آیا کہ ولی رضوی تو ایک زمانے سے تنہا اور جان لیوا تنہائی کا عذاب سہہ رہے تھے۔گلستانِ جوہر کے ایک چھوٹے سے فلیٹ میں کئی برس سے ولی کی تنہائی دھمال کھیل رہی تھی ۔ایک نفیس ،قابل ،پڑھے لکھے ،مہذب ،معروف صحافی ،ہنس مکھ انسان ،دوستوں ک دوست اور محفل پسند آدمی کی ذاتی زندگی تنہائی کے شدید کرب سے دوچار تھی اور اس صورتِ حال کا مداواکرنے والا کوئی نہ تھا ۔ بہ ظاہر خوش باش دکھائی دینے والے اس آزاد منش صحافی کی کرب ناک تنہائی پر مزید بات آگے چل کے کریں گے ۔ولی رضوی کراچی یونی ورسٹی میں ستر کی دہائی کی میں ایک ایسے باصلاحیت اور جوشیلے مقرر کے طور پرابھرے کہ کراچی بھر میں جلد ہی اپنی جدا گانہ پہچان بنا لی ۔وہ پروین شاکر اور ستر کی نسل کے دیگر نمایاں شعرا کے ساتھ شعرو ادب میں بھی عملی دل چسپی لیتے رہے ۔غزل لکھتے تھے اور خوب لکھتے تھے ۔سناتے کم تھے اور مشاعروں میں تو بہ طور شاعر نہ ہونے کے برابر شریک ہوتے البتہ بہ طور سامع کراچی کے تمام مرکزی مشاعروں میں سخن فہم کی حیثیت سے اُن کی شرکت رہتی ۔زمانہ طالبِ علمی کی شہرتوں کو سمیٹے صحافت کے خار زار میں قدم رکھا’ روزنامہ مشرق ‘ سے طویل وابستگی رہی ۔پریس کلب کے سینیر ارکان میں شامل تھے ۔ترقی پسنددارنہ سوچ رکھتے تھے ۔فیض ،جالب ،فراز ،خالد علیگ اور فہمیدہ کے گرویدہ تھے ۔پروین شاکر کا ذکر اکثر کرتے اور زمانہ ء طالبِ علمی کے واقعات دہراتے ۔ولی رضوی ایک خوش شکل ،خوش قامت ،خوش ادا ،خوش آواز ،خوش لباس، بڑے قابل اور بڑے ذہین آدمی تھے ۔اُن کا قد کاٹھ بتاتا تھا کہ وہ اسپورٹس مین ہیں ،ممکن ہیں اُنہیں نے اپنی نوجوانی میں کچھ کھیل کھیلے بھی ہوں ،مگر عملاً تو وہ صحافت ،ٹریڈ یونین اور قلم کے کھلاڑی تھے ۔عمر کے آخری دور میں بھی اُن کی جسمانی فٹنس بڑی اعلا تھی ،بس تھوڑا سا پیٹ ضرور نکل آیا تھا تاہم اُن کی وجاہت اور بزلہ سنجی آخر تک برقرار رہی ۔کیا ولی رضوی کی زندگی میں دکھ نہ تھے ۔کیا اُن کی ظاہری بزلہ سنجی ،محض اُن کی عادت تھی ۔کیا وہ زندگی کے آخری پندرہ بیس برس اتھے ہی خوش تھے ،جتنے بہ ظاہر دکھائی دیتے تھے ۔ان سوالات کے لیے ولی رضوی کی ذاتی زندگی اور پیشہ ورانہ زندگی کا مطالعہ کیا جانا چاہیے ۔میں اُن کی ذاتی زندگی سے اتنا زیادہ واقف نہیں ۔البتہ اتنا ضرور جانتا ہوں کہ وہ بیوی بچوں کے ہوتے ہوئے بھی ،اُن سے الگ تھلگ ایک فلیٹ میں تنہا زندگی گزارتے تھے ۔میں یہ بھی جانتا ہوں کہ اپنے نوجوان بیٹے کی اچانک موت کے بعد وہ اندر باہر سے بجھ سے گئے تھے ۔بہت برس تو انہیں اپنی دیوانگی اور گریہ ناک ہنسی پر کنڑول تک نہ رہا تھا ۔لیکن وہ مضبوط بڑے مضبوط آدمی تھے ۔نوجوان بیٹے کی موت اور اپنے شدید ہارٹ اٹیک کو چند برس قبل ہی سہار گئے تھے لیکن نمایشی مسکراہٹ ،روایتی بزلہ سنجی اور عوامی مقامات پر ملن ساری کے سبب بہت دور کے لوگ تو کیا ،بہت قریب کے لوگ بھی اُن کے اندر برپا حشر ساماں اذیتوں کو ادراک کرنے سے قاصر رہے ۔جہاں تک پیشہ ورانہ زندگی کی کام یابیوں اور ناکامیوں کا تعلق ہے ،میں انتہائی دکھ کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ ولی رضوی جس معیار اور رتبے کے صحافی تھے ،وہ اُنہیں میسر نہ تھا ۔وہ ساز باز ،دنیا داری ،جی حضوری سے کوسوں دور تھے ۔اس کے باوجود اُنہیں زندگی کی گاڑی کھینچنے کے لیے اپنے سے کم حیثیت اور کم ربتہ لوگوں کی ہاں میں ہاں ملانی پڑتی تھی ۔وہ مشرق اخباراور جنگ اخبار میں اہم حیثیت کے ساتھ وابستہ رہے اور کئی دہائیوں تک رہے ۔اُن کے تعلقات کا دائرہ زندگی کے تمام شعبوں تک پھیلا ہوا تھا ،مگر وہ دوستوں کے کام تو ضرور آئے مگر دوست اُن کے کام نہ آ سکے اور آئے بھی تو اُس طرح نہ آ سکے جیسا اُن کا حق تھا ۔مشرق اور جنگ کے علاوہ بھی وہ کچھ اور اخبارات میں رہے ہوں گے ۔میں اس سے لاعلم ہوں ۔جن دنوں ولی رضوی نے نوئے کی دہائی میں ’جنگ ‘ جوائن کیا ،وہ ’جنگ فوام ‘ کے انچارج تھے ،اور کرنٹ افیئر کے علاوہ دیگر اہم اشیوز پر انہوں نے بڑے عمدہ فورم کرائے ۔میں بھی اُن دنوں ’جنگ ‘ سے وابستہ تھا ۔اسی دور میں ولی رضوی نے ایک انقلابی قسم کا فیصلہ کیا اور کراچی پریس کلب کی روایتی سیاست پر ایسی کاری ضرب لگائی کہ کہنہ دیورایں توڑ پھوڑ دیں ۔نئے دریچے کھول دیئے اور اب جو پریس کلب کی نئی سیاست اور نئی آزاد آب وہوا ہے ،نیا ماحول اور نیا کلچر ہے ۔اس کے بنیاد گزار اور بہت سے انقلاب پسند دوست بھی ہوں گے ،تاہم اُن سب میں ولی رضوی کا نام کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔وہ ایک نئی حکمت عملی کے تحت کراچی پریس کلب کے الیکشن میں بہ طور جنرل سیکڑیری کھڑے ہوئے ۔ اُن کے اس دلیرانہ موقف کی نہ صرف زبانی کلامی مخالفت کی گئی بل کہ اُن پر حملے تک ہوئے ،تاہم ولی رضوی بڑے مضبوط اعصاب کے مالک تھے ،وہ سب جھیل گئے اور فاتح بھی قرار پائے ۔یہیں سے کراچی پریس کلب کا نیا دور شروع ہوتا ہے ۔اُنہی کے دور میں برسوں کے بعد نئی ممبر شپ کھلی اور یہ جو نئی رونق اور نیا میلہ اب پریس کلب میں دکھائی دیتا ہے ،اُس کے عقب میں ولی رضوی کا جرات مندانہ کردار اور درویشانہ شخصیت بھی ہے ۔ولی رضوی کو اس جرات مندی کی کڑی سزائیں دیں گئیں ۔جانے کس پاداش میں ’جنگ فورم ‘ سے بے دخل کیے گئے ۔اس کے بعد وہ کئی برس تک رہے تو ’جنگ ‘ ہی میں لیکن زیرِ ِ عتاب رہے ۔اب وہ اخبار منزل سے جنگ کی مین بلڈنگ شفٹ ہوئے تھے ۔اس لیے ملاقات کم کم ہوتی تھی کبھی کبھی رات کو ملاقات ہوتی تو اپنی بے بسی اور اوپر والوں کی بے حسی کی روداد سناتے اور پھر ایک قہقہہ لگاتے ہوئے رخصت ہوجاتے ۔پھر ہمارے دوست عزیز عزمی نے جو’انڈس نیوز ‘ چلا گیا تھا ،اُنہیں بہ طور نیوز ڈایکٹر ’انڈس نیوز ‘ بلالیا ۔اس کے فوراً بعد عزیز عزمی کی موجودگی میں میری ایک ملاقات ولی بھائی سے ہوئی تو اُنہوں نے روایتی قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ انڈس والے گاڑی آفر کر رہے تھے مگر میں نے منع کر دیا کہ میں تو گاڑی چلانا نہیں جانتا ۔وہ اتنے ہی سادہ اور کھرے آدمی تھے ۔تاہم ’جنگ ‘ کی اذیت ناک نوکری کے بعد ’انڈس ‘ کی جاب اُ ن کے رتبے اور تجربے کے مطابق ضرور تھی ،مگر وہ اپنے آزادنہ انداز اور کھری طبعیت کے باعث چند مہینے ہی وہا ں کام کرسکے ۔پھر وہ ’روشنی ‘ نامی ایک نیوز چینل میں چلے گئے ۔اس کے بعد ’ٹی وی ون ‘ سے وابستہ ہوگئے ،جہاں وہ کرنٹ افیئر کے ڈیلی مارننگ پروگرام میں ریسریچ اور پیپر ورک کی تمام ذمے داریاں کئی برس تک بڑی خوش اسلوبی سے نبھا تے رہے ۔پھر وہ پروگرام بند ہوگیا اورولی بھائی ’نیوز ون ‘ شفٹ کر دئیے گئے ۔یہاں ناصرہ زبیری ،اشرف خان اور کاشف رضا مرکزی پوسٹوں پر برآجمان تھے ۔ولی رضوی نے یہاں آتے ہی ایک نئی پالیسی اپنائی اور اُنہوں نے اپنے مقام اور اپنے تجربے کے بر خلاف صرف جاب کرنے اور کوئی بھی مناسب نا مناسب کام کرکے وقت گزاری کے مشغلے کو اپنا لیا ،شاید وہ ڈر گئے تھے ،اور بے روز گاری کے عفریت کا سامنا کرنے کو تیار نہ تھے ،جس کا سامنا اُنہیں گزشتہ کچھ برسوں میں کرنا بھی پڑا تھا ۔یہاں بھی میرا اور ولی بھائی کا چند برس ساتھ رہا ۔پھر وہ ایک دن چلے گئے اور اس کے بعد ’ایکسپریس نیوز ‘ جوائن کر لیا ۔یہ بڑی اچھی جاب تھی ۔ولی بھائی کو ایک زمانے کے بعد بہت خوش اور مطمئن دیکھا ۔نئے لباس ،نئی چمک دمک اور زبردست جوش و خروش کے ساتھ وہ جہاں ملتے ،کھِلے کھِلے لگتے ۔اسی زمانے میں ایک دو خواتین کے ساتھ تواتر سے نظر آئے ۔اس بار شادی کا ارادہ تھا ۔مجھ سے کہا کہ اب شادی کرنا چاہتا ہوں ۔اکیلے رہتے رہتے اکتا گیا ۔ایک خاتون تو شعرو ادب سے وابستہ تھیں ،اچھی اور خوش شکل تھیں ۔عمر میں بھی ولی بھائی سے میچ کرتی تھیں ۔ایک اور خاتون بھی ولی بھائی کے ساتھ کچھ سنجیدہ ہوئیں ۔وہ تو بہت زیادہ مناسب خوش شکل ،خوش ادا اور کم عمر تھیں ۔بات پکی ہوتے ہوتے رہ گئی ۔ولی بھائی نے اُنہیں اپنے تقریباً قریبی دوستوں سے ،جو اُن دنوں پریس کلب آتے جاتے تھے اور اُن کے دائرے میں شامل تھے ملاوایا ،مجھ سے بھی ملوایا اور ہم سب اُنہیں بھابی کہہ کہ مخاطب کرنے لگے تھے ۔ولی بھائی اُن دنوں واقعی بہت خوش تھے ۔پھر ایک دن بڑے اداس اداس اور اکیلے ملے ۔پوچھا تو کہنے لگے بھئی وہ نیا سلسلہ تو ختم ہوگیا ۔مزید کریدا تو غم زدہ ہوگئے کہنے لگے وہ تو فراڈ لوگ تھے ۔مجھ سے جانے کیا کیا مانگ رہے تھے ،میں دنیا دار کہاں اور اتنا مال میرے پاس کہاں کہ اُن کی ڈیمانڈ پوری کر سکتا ۔میں بھی ’شبیر تو دیکھے گا ‘ میں آؤٹ سورس اسٹوریز لکھتا لکھتا ایک دن ’ایکپریس نیوز ‘ پہنچ گیا ۔ ’ایکسپریس نیوز میں’شبیر تو دیکھے گا ‘ کے لیے فوٹیج دیکھنے جاتا تو جاوید صبا اور ولی رضوی سے ضرور ملاقات ہوتی
جاوید صبا تو خیر ’شبیر تو دیکھے گا ‘ کا مرکزی کردار ہی تھے جب کہ ولی رضویاُن دنوں ایک نئے کرنٹ افیئر اسٹوریز شو ’آدھی رات تک ‘ میں سینیر ریسرچر کی حیثیت سے کام کر رہے تھے ۔اُن کے ماتحت دو کاپی رائٹر کام کرتے تھے لیکن شو جتنی توقعات کے ساتھ شروع کیا گیا تھا ،اُ س کی ریٹنگ اتنی نہیں آ رہی تھی ۔پھر ایک دن مجھے اس پروگرام کے لیے آن بورڈ لے لیا گیا ۔مجھے افسوس ہے اور بہت افسوس ہے کہ اس کے بعد ولی رضوی وہاں زیادہ دنوں نہیں ٹک سکے ،اصل میں مجھے لانے سے پہلے ہی اُنہیں ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا تھا اور اس کے یقیناًکچھ سبب بھی تھے، تاہم مجھے اس کا ذاتی طور پر بہت زیادہ دکھ ہوا اور میں نے ولی بھائی پر اپنی پوزیشن بھی واضح کی مگر یہ بد قسمتی ہی رہی کہ یہیں سے ولی رضوی کی پیشہ ورانہ زندگی نئے مسائل کا شکار نظر آئی ۔ابتدا میں وہ ’ایکسپریس ‘ سے جانے کے بعد مجھ سے کچھ کھینچے کھنچے بھی رہے کیوں کہ کچھ لوگ انہیں بھڑکاتے بھی رہے ،تاہم بعد میں وہ مجھ سے نارمل ہوگئے اور ہم نے مل کے بہت سی خلوت بھری شامیں ساتھ گزاریں ۔ ادھر چند برس قبل وہ آرٹس کونسل میں میڈیا ایڈوائزر بھی رہے لیکن شاہوں کی موجودگی میں جی حضوری کے علاوہ اور کیا چل سکتا ہے مگر وہ بہ حالتِ مجبوری وہاں کام کرتے رہے ۔اب سنا تھا کہ ایک چھوٹے سے نیوزچینل میں کام کر رہے ہیں اور پھر خبر آئی کہ وہ اپنے تنہا فلیٹ میں مردہ پائے گئے ۔دل دکھ سے بھر گیا ۔ساتھ گزارے ہوئے بے شمار لمحات نظروں میں گھوم گئے اور ایک یہ رنج بھی ولی رضوی جیسے بلند حوصلہ ،انسان دوست ،معیاری صحافت کے علم بردار ،پریس کلب کے مسیحا ،دوست دار اور جانے کیا کیا ،اب ہمارے درمیان موجود نہیں ۔ولی رضوی کا خلا ایسا خلا ہے ،جسے نئے مزاج کی دنیا اور جسے نئے مزاج کے دوڑتے بھاگتے لوگ کبھی نہیں سمجھ سکتے کیوں کہ موجودہ دور میں اب ایسے لوگ دور دور تک دکھائی نہیں دیتے ،اکا دکا ہوں گے بھی تو ولی بھائی کی طرح بے رتبہ اور بے حیثیت زندگی کا طوق گلے میں ڈالے کہیں گھوم رہے ہوں گے ۔

عامر ذکی کا گٹار اُداس ہے

 

کبوتر ہم پر بھروسہ کیوں نہیں کرتے

Comments are closed.

Scroll To Top