تازہ ترین
عوامی تحریک کا دھرنا روکنے سے متعلق درخواست پر فل بینچ تشکیل

عوامی تحریک کا دھرنا روکنے سے متعلق درخواست پر فل بینچ تشکیل

لاہور: (16 جنوری 2018) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے عوامی تحریک سمیت دیگر جماعتوں کا دھرنا روکنے سے متعلق درخواست پر فل بینچ تشکیل دے دیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے مال روڈ پر متحدہ اپوزیشن کے احتجاج کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کیلئے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں نیا فل بینچ تشکیل دے دیا ہے۔ مقامی وکیل اے کے ڈوگر نے کل مال روڈ پر متحدہ اپوزیشن کے احتجاج کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔

یہ ویڈیو دیکھنے کیلئے پلے کا بٹن دبائیے

اس سے قبل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے مذکورہ درخواست کی سماعت جسٹس فرخ عرفان خان کی سربراہی میں فل بینچ تشکیل دیا تھا، لیکن بینچ کے سربراہ جسٹس فرخ عرفان خان نے ذاتی وجوہات کی بنا پر بینچ کا حصہ بننے سے معذرت کرلی تھی جس کے بعد بینچ ٹوٹ گیا تھا۔

چیف جسٹس نے فوری طور پر ایک نیا تین رکنی فل بینچ تشکیل دیا ہے جس کے سربراہ جسٹس امین الدین خان اور دیگر ارکان میں جسٹس شاہد جمیل خان اور جسٹس شاہد کریم ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان عوامی تحریک کی سربراہی میں بننے والی متحدہ اپوزیشن نے 17 تاریخ سے حکومت کے خلاف تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

قبل ازیں ڈاکٹر طاہرالقادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد شہبازشریف اور رانا ثنااللہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا جو پورا نہ ہونے پر انہوں نے اعلان کیا تھا کہ اب (ن) لیگ کے خلاف احتجاجی تحریک چلائیں گے اور ان سے استعفے لیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

پنجاب حکومت کا مال روڈ میں دھرنے کی اجازت دینے سے انکار

دھرنا والے صبر کریں ، فیصلہ عوام نے کرنا ہے، نواز شریف

 

Comments are closed.

Scroll To Top