تازہ ترین
عمران خان کے بنی گالہ کے گھر کا این او سی جعلی قرار

عمران خان کے بنی گالہ کے گھر کا این او سی جعلی قرار

اسلام آباد: (28 فروری 2018) سابق سیکریٹری یو سی بارہ کہو محمد عمر نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بنی گالہ کے گھر کے این او سی کو جعلی قرار دے دیا ہے۔

بنی گالا میں تجاوزات کے خلاف کیس میں تحریری بیان سپریم کورٹ میں جمع کرایا گیا ہے۔ محمد عمر کی جانب سے جمع کرائے گئے بیان میں کہا گیا کہ میں 2003ء میں یو سی بارہ کہو میں سیکریٹری تعینات تھا اور بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کی تعمیر کے حوالے سے درخواست پر مزید کارروائی کیلئے بنی گالہ کا نقشہ طلب کیا گیا تھا۔

یہ ویڈیو دیکھنے کیلئے پلے کا بٹن دبائیے

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے نقشہ فراہم نہیں کیا گیا جس کے بعد مزید کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔محمد عمر نے مزید بتایا کہ اس وقت یونین کونسل کے دفترمیں کمپیوٹر کی سہولت ہی موجود نہیں تھی اور تمام دفتری امور ہاتھ سے ہی نمٹائے جاتے تھے۔

محمد عمر کے مطابق یونین کونسل نے عمران خان کے گھرکی تعمیر کیلئے این او سی جاری نہیں کیا اور عدالت کو فراہم کی گئی دستاویز پر تحریر بھی یونین کونسل کی نہیں ہے۔واضح رہے کہ اسلام آباد کی کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے مئی 2017ء میں سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی اپنی رپورٹ میں بنی گالہ کی 122 عمارتوں کو غیر قانونی قرار دیا تھا جس میں عمران خان کی رہائشگاہ بھی شامل تھی۔

سی ڈی اے نے اپنی رپورٹ میں عمران خان کے بنی گالہ کے گھر کی تعمیر کو خلاف قانون قرار دیا تھا۔رواں ماہ 13 فروری کو سپریم کورٹ نے بنی گالہ میں غیر قانونی تعمیرات سے متعلق کیس کے دوران عمران خان کی رہائشگاہ کی تعمیرات کے کاغذات طلب کیے تھے۔

کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے خبردار کیا تھا کہ اگر بنی گالہ میں ہونے والی تعمیرات سی ڈی اے کے قوانین کے مطابق نہ ہوئیں تو انہیں گرادیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

شریف برادران سپریم کورٹ اور نیب کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں، عمران خان

عمران خان کا فیصل سبحان کی گمشدگی پر عدالتی تحقیقات کا مطالبہ

 

Comments are closed.

Scroll To Top