تازہ ترین
عمران خان پاکستان کے بائیسویں وزیراعظم منتخب

عمران خان پاکستان کے بائیسویں وزیراعظم منتخب

اسلام آباد: (17 اگست 2018) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پاکستان کے بائیسویں وزیراعظم منتخب ہوگئے ہیں۔

قائد ایوان کے انتخاب کیلئے اسپیکر اسد قیصر کی صدارت میں قومی اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر ساڑھے تین بجے شروع ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔

یہ ویڈیو دیکھنے کیلئے پلے کا بٹن دبائیے

وزارت عظمٰی کے عہدے کیلئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کے مابین مقابلہ ہوا جس میں عمران خان کامیاب ہوئے۔ عمران خان کو 176 ووٹ ملے جبکہ شہباز شریف نے 96 ووٹس حاصل کیے۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے رائے شماری مکمل ہونے کے بعد عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہونے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان 176 ووٹ حاصل کر کے قائد ایوان منتخب ہوگئے ہیں جبکہ ان کے مد مقابل شہباز شریف نے 96 ووٹ حاصل کیے۔

اسپیکر اسد قیصر کے اعلان کے بعد اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا جس پر اسپیکر اسمبلی اپوزیشن اراکین کو نشست پر بیٹھنے کا کہتے رہے۔دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی کے اعلان کے بعد نو منتخب وزیراعظم عمران خان کے چہرے پر مسکراہٹ تھی اور وہ بار بار آسمان کی طرف تشکرانہ انداز میں دیکھتے رہے۔ قومی اسمبلی میں وزیراعظم کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے بجائے ڈویژن کے ذریعے ہوا اور ارکان اسمبلی نے ڈویژن کے ذریعے اپنی رائے کا اظہار کیا۔

قومی اسمبلی کو دو لابیوں میں تقسیم کیا گیا۔ عمران خان کے حامیوں نے لابی ”اے” اور شہباز شریف کے حامیوں نے لابی ”بی” میں ووٹ کاسٹ کیا۔ ایوان زیریں میں پارٹی پوزیشن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے پاس 152 نشستیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پاس قومی اسمبلی میں 81 نشستیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی، عمران خان

عمران خان کی وزارت عظمیٰ کی تقریب حلف برداری سادگی سے کرنے کی ہدایت

 

Comments are closed.

Scroll To Top