تازہ ترین
علی ظفر نے 2 سے زائد بار ہراساں کیا، میشا شفیع

علی ظفر نے 2 سے زائد بار ہراساں کیا، میشا شفیع

انٹرٹینمنٹ ڈیسک: (18 اکتوبر 2018) گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع نے اداکار علی ظفر کی جانب سے عدالت میں دائر کیے گئے ہرجانے کے نوٹس کا جواب داخل کراتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں گلوکار نے دو بار سے زائد بار ہراساں کیا ہے ۔

میشا شفیع نے اپنے وکلاء کی توسط سے عدالت میں جواب داخل کرادیا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں گلوکار علی ظفر نے نجی اسٹوڈیو اور ایک خاندانی تقریب میں ہراساں کیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی سیشن اینڈ ڈسٹرکٹ کورٹ میں میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جس میں گلوکارہ کے وکلاء پیش ہوئے۔میشا شفیع کے وکلا محمد ثاقب جیلانی اور ایڈوکیٹ تصور نے عدالت میں گلوکارہ کی جانب سے جواب داخل کرایا، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ علی ظفر نے میشا شفیع کو نجی اسٹوڈیو سمیت ایک فیملی تقریب کے دوران بھی ہراساں کیا۔

اداکارہ کی جانب سے داخل کرائے گئے جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ علی ظفر نے گلوکارہ کو 2 بار سے زائد بار ہراساں کیا۔

داخل کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ گلوکارہ نے مجبور ہوکر علی ظفر کے خلاف قدم اٹھایا اور گلوکارہ کے پاس تمام ثبوت موجود ہیں، جنہیں وہ عدالت کے مانگے جانے پر پیش کریں گی۔

جواب میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ علی ظفر نے میشا شفیع کے علاوہ بھی دیگر خواتین کو ہراساں کیا۔میشا شفیع نے اپنے جواب میں مزید کہا ہے کہ علی ظفر اب عدالت میں معصوم بننے کی کوشش کر رہے ہیں اور ان کی جانب سے اداکارہ کے خلاف دائر کیا گیا ہتک عزت کا دعویٰ جھوٹا ہے۔

اداکارہ نے عدالت سے اپنے خلاف دائر ہتک عزت کے دعوے کو مسترد کرنے کی درخواست بھی کی۔

عدالت نے میشا شفیع کے وکلا کے جوابات سننے کے بعد دونوں فریقین کے وکلا کو بحث کے لیے آئندہ سماعت 5 نومبر کو طلب کرلیا۔

واضح رہے کہ گلوکارہ میشا شفیع نے علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ علی ظفر نے انہیں ایک بار نہیں کئی بار ہراساں کیا، جس کے جواب میں علی ظفر نے میشا شفیع کے الزامات کو بے بنیاد قراردیتے ہوئے انہیں ایک ارب ہرجانے کا نوٹس بھجوایاتھا۔

یہ بھی پڑھیے

ساجد خان پر مسلسل تنقید سے فرح خان پریشان

ساجد خان پر مسلسل تنقید سے فرح خان پریشان

Spread the love

Comments are closed.

Scroll To Top