تازہ ترین
عبدالقدوس بزنجو کو وزیراعلیٰ بلوچستان کا امیدوار نامزد کردیا گیا

عبدالقدوس بزنجو کو وزیراعلیٰ بلوچستان کا امیدوار نامزد کردیا گیا

کوئٹہ: (11 جنوری 2018) بلوچستان اسمبلی کے مسلم لیگ (ن) اور (ق) لیگ کے منحرف اراکین اسمبلی نے صوبے کی وزارت اعلیٰ کیلئے سابق ڈپٹی اسپیکر میر عبد القدوس بزنجو کے نام پر اتفاق کرلیا ہے۔

بلوچستان کی وزارت اعلیٰ کیلئے عبدالقدوس بزنجو  کے نام کا اعلان پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر رہنما و سابق اسپیکر صوبائی اسمبلی میر جان محمد جمالی نے کیا اور دعوی کیا کہ قدوس بزنجو کو وزیر اعلی بنانے کیلئے مقابلے کی نوبت نہیں آئے گی تاہم اگر مقابلہ کرنا بھی پڑا تو ہم تیار ہیں۔

عبد القدوس بزنجو نے ان پر اعتماد کرنے پر ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نواب ثناءاللہ ہمارے محترم ہیں، یہ ہمارا سیاسی حق تھا۔ حکومتی معاملات ٹھیک نہیں چل رہے تھے جس کے باعث تحریک عدم اعتماد لانا پڑی۔ جتنا بھی وقت ملا صوبے کی خدمت کریں گے۔سابق وزیر داخلہ میرسرفرازبگٹی نے کہا کہ انہیں 4 سے زائد اراکین کی حمایت حاصل ہے۔ ہم اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کریں گے۔ میر عبدالقدوس کل اسمبلی سکریٹریٹ میں کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔

واضح رہے کہ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کیلئے 13 جنوری صبح 11 بجے اراکین اسمبلی کا اجلاس طلب رکھا ہے۔گذشتہ روز جان جمالی، سردارصالح بھوتانی، سرفرازبگٹی، قدوس بزنجو اور رقیہ ہاشمی پر مشتمل پانچ رکنی ن لیگی وفد نے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے (ن) لیگی وفد کا کہنا تھا کہ نئے وزیراعلیٰ بلوچستان کے انتخاب کی تمام تیاری مکمل ہیں اور اس حوالے سے سیاسی جماعتوں سے بات چیت کرلی گئی ہے۔اس موقع پر گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے 13 جنوری صبح 11 بجے بلوچستان اسمبلی کے ممبران کا اجلاس طلب کیا تھا۔

تیرہ جنوری کو ایوان کے اجلاس میں منتخب ہونے والے نئے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی تقریب حلف برداری شام 5 بجے گورنرہاؤس میں منعقد ہوگی۔واضح رہے رواں ماہ 9 جنوری کو نواب ثناء اللہ زہری نے تحریک عدم اعتماد کے اسمبلی میں پیش ہونے سے قبل ہی وزیر اعلیٰ بلوچستان کے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں زبردستی اپنے ساتھیوں پر مسلط نہیں ہونا چاہتا۔

یہ بھی پڑھیے

نئے وزیراعلیٰ بلوچستان کے انتخاب کیلئے 13 جنوری کی صبح اجلاس طلب

وزیراعلیٰ بلوچستان کے استعفے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

 

Comments are closed.

Scroll To Top