تازہ ترین
عاصمہ جہانگیر کو خراج عقیدت کے لئے سینیٹ کا اجلاس

عاصمہ جہانگیر کو خراج عقیدت کے لئے سینیٹ کا اجلاس

اسلام آباد: (13 فروری 2018) سینیٹ کا اجلاس چیئرمین کی زیر صدارت شروع ہوگیا ہے، اجلاس مرحومہ عاصمہ جہانگیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے خصوصی طور پر صبح طلب کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی میں سینیٹر حاجی سیف اللہ خان بنگش، سابق سینیٹر میر ہزار خان بجارانی’ انسانی حقوق کی کارکن عاصمہ جہانگیر’ اداکار قاضی واجد اور حالیہ دہشت گرد حملوں میں شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔نکتہ اعتراض پر ارکان نے انسانی حقوق کی کارکن عاصمہ جہانگیر کو جمہوریت اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کیلئے ان کی خدمات کیلئے شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ عاصمہ بے زبان لوگوں کیلئے زبان تھیں اور انہوں نے معاشرے کے پسماندہ طبقات کے حقوق کیلئے ان کا ہمیشہ ساتھ دیا۔

ارکان نے سابق سینیٹر میر ہزار خان بجارانی کے انتقال پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ایوان میں موجودہ سیشن کیلئے پریزائیڈنگ افسروں کے ایک پینل کا اعلان کیا گیا جن میں چوہدری محمد اشرف ، طاہراقبال، نوید قمر، شیخ صلاح الدین، شاہدہ اختر علی اور جی جی جمال شامل ہیں۔قومی اسمبلی نے گزشتہ روز ایک قرار داد کی منظوری دی جس میں جمہوریت ، قانون کی حکمرانی اور آئین کیلئے انسانی حقوق کی کارکن عاصمہ جہانگیر کی خدمات کا اعتراف کیا گیا،یہ قرار داد سید نوید قمر نے پیش کی تھی اور اس میں معاشرے کے محروم اور مجبور طبقوں کیلئے ان کی جراتمندانہ جدوجہد کا بھی اعتراف کیا گیا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ عاصمہ جہانگیر نے معاشرے کے غریب ، مظلوم اور پسماندہ طبقوں کی نمائندگی اور ان کے حقوق کا تحفظ کیا اور صنف اور مذہب کی بنیاد پر کسی بھی امتیازی سلوک اور تشدد سے متاثرہ افراد کیلئے آواز بلند کی۔

قراردا د میں عاصمہ جہانگیر کی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ منتخب نمائندے ہونے کی حیثیت سے ہم بنیادی انسانی حقوق یقینی بنانے اور ان کے تحفظ کے ذمہ دار ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

مریم نواز اور نواز شریف کی مرحومہ عاصمہ جہانگیر کے گھر آمد

عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر سپریم کورٹ بار نے سوگ کا اعلان کردیا

Comments are closed.

Scroll To Top