تازہ ترین
شہید میجر اسحاق سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

شہید میجر اسحاق سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

لاہور: (23 نومبر 2017) ڈی آئی خان میں دہشت گردوں کے ہاتھوں جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے میجراسحاق شہید کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ہے ۔

شہید میجر کو لاہور کے کیولری گراؤنڈ قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا، شہید کو پاک وطن کی مٹی کے حوالے کرنے سے قبل گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور توپوں کی سلامی دی گئی۔

اس سے قبل شہید کی لاہور کے ایوب اسٹیڈیم میں نماز جنازہ ادا کی گئی،جس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف،کورکمانڈر لاہور عامر ریاض، وفاقی وزیر سعد رفیق سمیت اعلیٰ عسکری قیادت نے شرکت کی۔نمازہ جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے شہید میجر اسحاق کی عظیم قربانی کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے میجر نے مادر وطن کیلئے اپنے خون کا نذرانہ دیا ہے،میجر اسحاق جیسے وطن کے بہادر بیٹوں کی عظیم قربانیوں سے ملک میں امن قائم ہوا ہے،قوم ان کی عظیم اور لازوال قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرپائے گی۔

ادھر پنجاب اسمبلی میں میجر اسحاق شہید کی جرات و بہادری کو سلام پیش کرنے کی قرار داد جمع کرا دی گئی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ وطن عزیز کیلئے میجر اسحاق کی قربانی قوم کیلئے باعث فخر ہے۔ دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد سے پاک فوج اور قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جیت پاکستانی قوم کی ہی ہوگی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈی آئی خان کے علاقے کولاچی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران میجر اسحاق شہید نے جام شہادت نوش کیا تھا۔اٹھائیس سالہ شہید میجر اسحاق کاتعلق خوشاب سے ہے ، ان کے پسماندگان میں بیوہ اور ایک سال کابچہ شامل ہے،گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہید میجر اسحاق کے جنازے میں شرکت کی تھی۔

میجر اسحاق کی شہادت پر اپنے ٹویٹر پیغام میں میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاک فوج کے جوان قربانیاں دیتے رہیں گے ، اور پاکستان کو پر امن ملک بنائیں گے ۔مریم نواز نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر دہشتگردوں سے مقابلے کے دوران شہید ہونے والے میجر اسحاق کی تصویر شیئر کی اور لکھا ’’قوم کے بیٹے آپ کو سلام‘‘۔

مریم نواز کا پاک فوج کے جواں سال میجر اسحاق کو خراج عقیدت

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کا ایک اور میجر شہید

 

 

Comments are closed.

Scroll To Top