تازہ ترین
شاہزیب قتل کیس: ملزم شاہ رخ جتوئی و دیگر کی ضمانت منظور

شاہزیب قتل کیس: ملزم شاہ رخ جتوئی و دیگر کی ضمانت منظور

کراچی (23 دسمبر 2017) شاہزیب قتل کیس میں گرفتار ملزم شاہ رخ جتوئی و دیگر کی ضمانت منظور ہونے کے بعد رہائی کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ شاہ رخ جتوئی کو لینے ان کے دوست جناح اسپتال پہنچ گئے ہیں۔

شاہ زیب قتل کیس میں مقتول کے والد کی جانب سے صلح نامہ پیش کرنے کے بعد عدالت نے ملزمان کی ضمانت منظور کرلی ہے۔ کراچی کی مقامی عدالت میں شاہ زیب قتل کیس کی سماعت کے موقع پر ڈرامائی موڑ آیا جب مقتول کے والد نے عدالت میں شاہ رخ جتوئی کے ساتھ ہونے والا صلح نامہ پیش کیا۔

مقتول کے والد نے عدالت کو بتایا کہ بیٹےکے قتل کے بعد ملزمان کے اہل خانہ سے صلح ہوئی اور اس میں میرے گھر والوں کی مرضی بھی شامل ہیں، ہم نے شاہ زیب کے قاتلوں کو اللہ کی رضا کیلئےمعاف کیا اس لئے ملزمان کی ضمانت پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔ عدالت نے حلف نامہ ملنے کے بعد ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، تاہم کچھ دیر بعد عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے شاہ رخ جتوئی سمیت دیگر ملزمان کی پانچ پانچ لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت چھبیس دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔

واضح رہے کہ اٹھائیس نومبر کو سندھ ہائی کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس میں ملوث شاہ رخ جتوئی، سراج تالپر، سجاد تالپر اور غلام مرتضی کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے مقدمے کی ازسرنو سماعت کے لیے معاملہ سیشن عدالت بھیج دیا تھا،اس سے قبل شاہ رخ جتوئی کو سزائے موت کی سزا سائی گئی تھی،جبکہ عدالت نے مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات بھی ختم کردی تھیں۔

اس سلسلے میں ضلع جنوبی کی سیشن عدالت نے انیس دسمبر کو کیس کی ازسر نو پہلی سماعت میں صلح نامہ اور کیس کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا فیصلہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیئے

شاہزیب قتل کیس: شاہ رخ جتوئی سمیت دیگر ملزمان کی درخواست ضمانت دائر

پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ: عرفان، شاہزیب کو نوٹس آف ڈیمانڈ جاری

Comments are closed.

Scroll To Top