تازہ ترین
زکوٹا جن کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور

زکوٹا جن کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور

لاہور (15 جولائی 2017) مشہور زمانہ ڈرامہ’عینک والا جن‘کا ’زکوٹا‘ سخت بیماری اور کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔

نوے کی دہائی کے مشہور ڈرامے عینک والا جن میں زکوٹا کا کردار ادا کرنے والے اداکار مطلوب الرحمان المعروف زکوٹا جن آج نہایت کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مطلوب الرحمان 2012 میں فالج کے حملے کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ وہ شوگر جیسے موذی مرض میں بھی مبتلا ہیں۔

زکوٹا جن نے میڈیا سے اپنی خراب مالی حالت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصہ قبل پنجاب حکومت نے علاج کے لئے میری مدد کی تھی لیکن اس بات کو کافی عرصہ گزر چکا ہے۔ اب مجھے مزید مالی مدد کی ضرورت ہے۔ میری صحت روز بروز خراب ہوتی جارہی ہے اور میرے پاس علاج کے لئے پیسے نہیں ہیں۔

مطلوب الرحمان کے مطابق وہ اپنے خاندان کے واحد کفیل ہیں اور سخت بیماری کی حالت میں بھی کام کرنے پر مجبور ہیں۔ وہ اس حالت میں بھی میں ہر ہفتے الحمرا ہال میں اداکاری کرتے ہیں تاکہ گزر بسر ہو سکے۔ تاہم اب ان کی صحت انہیں اس کی اجازت نہیں دیتی لیکن کام کرنے کے علاوہ ان کے پاس اور کوئی چارہ بھی نہیں ہے۔ مسلسل کام کرنے کی وجہ سے ان کی صحت مزید خراب ہوتی جارہی ہے۔

مطلوب الرحمان نے کہا کہ میرے 2 بیٹے بھی میرے ساتھ کام کرتے ہیں لیکن ہمیں معاوضہ اتنا کم ملتا ہے کہ مہینے کے آخر میں ہمارے پاس کچھ بھی نہیں بچتا۔ فالج کے حملے کی وجہ سے میرا سیدھا بازو شدید متاثر ہے۔ بیماری کے باوجود میں کام کرنے پر مجبور ہوں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی مالی معاونت کی جائے تاکہ وہ اپنا علاج جاری رکھ سکیں۔

واضح رہے کہ زکوٹا جن سے قبل’عینک والا جن‘سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ نصرت آرا المعروف بل بتوڑی بھی سخت مالی مشکلات اور علاج کی غرض سے حکومت سے مالی مدد کی درخواست کرچکی ہیں۔

بچپن میں ہم سب کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے والا مقبول ڈرامہ’عینک والا جن‘ کو اگر پاکستان کی تاریخ کا کامیاب ترین ڈرامہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ اس ڈرامے کے تمام کرداروں نے جن میں عینک والا جن، بل بتوڑی، زکوٹا جن اور ہامون جادوگر شامل ہیں خوب شہرت حاصل کی۔ یہ تمام کردار آج بھی بچوں اور بڑوں کے ذہنوں پر نقش ہیں۔

یہ بھی پڑھئے

عینک والا جن کا معروف کردار زکوٹا جن فالج کا شکار، مالی مسائل میں مبتلا

Comments are closed.

Scroll To Top