تازہ ترین
ریلوے اراضی اسکینڈل، اختیارات ریفرنس دائرکرنے کی منظوری

ریلوے اراضی اسکینڈل، اختیارات ریفرنس دائرکرنے کی منظوری

اسلام آباد: (20 فروری 2018) نیب ایگزیکٹو بورڈ نےریلوے اراضی اسکینڈل میں ریلوے کےسابق وزیر، سکریٹریز اور دیگر سینئر افسران کے خلاف اختیارات ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔ ملزمان لیفٹینینٹ جنرل ریٹائرڈ جاوید اشرف قاضی، لیفٹینینٹ جنرل ریٹائرڈ سعیدالظفر، میجر جنرل ریٹائرڈحامد حسن بٹ اور دیگرکے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔

نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں ہوا۔ نیب بورڈ نے رائل پام کلب اراضی اسکینڈل میں پاکستان ریلویز کے سابق وزیر، چیئرمین سکریٹریز اور دیگر سینئر افسران کے خلاف اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے قومی خزانے کو دو ارب کا نقصان پہنچانے پر ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔ ریفرنس میں سابق وفاقی وزیر برائے مواصلات و ریلوے اور سابق چیئرمین ریلوے لیفٹینینٹ جنرل (ر) جاوید اشرف قاضی، سابق سیکریٹری ریلوے لیفٹینینٹ جنرل (ر) سعیدالظفر، سابق سکریٹری ریلوے میجر جنرل ریٹائرڈ حامد حسن بٹ اور اقبال صمد خان سمیت دیگر کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

یہ مشہور اراضی اسکینڈل سابق صدر پرویز مشرف کے دور کا ہے۔ لاہور میں ریلوے کی ایک سو اکتالیس ایکڑ اراضی رائل پام گلف اور کنٹری کلب کیلئے لیز پرایک پرائیویٹ کمپنی کو دی گئی جس میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیئے گئے نہ ہی اراضی مارکیٹ ریٹ پر دی گئی۔ اس سکینڈل کا سال دوہزار چار میں اس وقت انکشاف ہوا جب قومی اسمبلی کی پبلک اکاونٹس کمیٹی میں اس وقت کے سکریٹری ریلوے شکیل درانی نے زمین لیز پر دیئے جانے کا انکشاف کیا۔ ملک اللہ یار مرحوم کی سربراہی میں پبلک اکاونٹس کمیٹی نے معاملہ کا نوٹس لیا۔سابق اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے ریلوے کی اراضی لیز پر دینے کی تحقیقات کیلئے بیس رکنی پارلیمانی کمیٹی قائم کی۔ کمیٹی نے تحقیقات مکمل کرکے چھبیس اگست دوہزار دس میں رپورٹ میں بتایا کہ زمین کی نیلامی میں قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت رہا اور پھر نیب لاہور نے اس کی تحقیقات شروع کی۔ تحقیقات کے نتیجے میں نیب لاہور نے مشرف دور میں ریلوے کی اراضی کو لیز پر دینے میں ملوث اس وقت کے ریلوے کی انتظامیہ کے خلاف انکوائری شروع کی۔ اس مشہور کیس میں نیب نے دوبارہ تحقیقات کا اغاز کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس، متعدد انکوائریز کی منظوری

ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس: نیب کی پراسیکیوشن ٹیم کے سربراہ لندن روانہ

Spread the love

Comments are closed.

Scroll To Top