تازہ ترین
حنیف عباسی کی نااہلی: الیکشن کمیشن کا این اے 60 میں انتخاب موخر کرنے کا اعلان

حنیف عباسی کی نااہلی: الیکشن کمیشن کا این اے 60 میں انتخاب موخر کرنے کا اعلان

اسلام آباد: (22 جولائی 2018) الیکشن کمیشن نے عدالت سے سزا یافتہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حنیف عباسی کی نااہلی کے بعد این اے 60 راولپنڈی میں انتخابات موخر کردیئے ہیں۔

پچیس جولائی کو ملک بھر میں عام انتخابات ہونے جارہے ہیں اور اس حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل ہونے کے بعد انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے اور اس صورتحال میں انسداد منشیات کی عدالت نے این اے 60 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حنیف عباسی کو منشیات سمگلنگ کیس میں عمر قید کی سزا سنا دی ہے اور وہ الیکشن کیلئے نااہل ہو گئے ہیں۔

یہ ویڈیو دیکھنے کیلئے پلے کا بٹن دبائیے

جس کے بعد الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ این اے 60 میں الیکشن ملتوی کردیا جائے اور عام انتخابات کے بعد این اے 60 کیلئے نیا شیڈول جاری کیا جائے گا۔

حنیف عباسی کا اس وقت حلقے میں کوورنگ کینڈیڈٹ بھی موجود نہیں ہے جبکہ الیکشن میں صرف دو دن باقی ہیں اور اس صورتحال میں بیلٹ پیپرز میں تبدیلی ممکن نہیں تاہم اس صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے انتخاب ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کو اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا۔

راولپنڈی کی انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے چھ سال بعدایفیڈرین کیس کا فیصلہ سنایا ہے۔ انسداد منشیات عدالت کے جج سردارمحمد اکرم خان نے کیس کا فیصلہ پڑھ کرسنایا۔ عدالتی فیصلے کے تحت مسلم لیگ (ن) کے راولپنڈی کے حلقہ این اے 60 سے امیدوار حنیف عباسی کو عمرقید کی سزاسنائی گئی ہے۔ کیس کے سات دیگر ملزمان کو شک کی بنیاد پر بری کردیا گیا۔فیصلے کے بعد حنیف عباسی کو کمرہ عدالت سے ہی گرفتار کر لیا گیا تھا۔ایفیڈرین کیس کی سماعت دو اگست مقرر ہو نے کے بعد لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں شہری شاہد اورکزئی نے جلد فیصلہ سنانے کی درخواست دائر کی جس پر جسٹس عباد الرحمن لودھی نے سولہ جولائی سے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرکے اکیس جولائی کو فیصلہ سنانے کا بھی حکم دیا تھا۔ایفیڈرین کیس میں آٹھ ملزمان حنیف عبا سی، ان کے بھا ئی باسط عبا سی، پارٹنر احمد بلال عادل ، غضنفر، ناصر خان ، سراج عبا سی ، نزاکت اور محسن خورشید نامزد تھے۔ اینٹی نارکوٹکس فورس نے اکیس جولائی دوہزار بارہ میں حنیف عباسی وغیرہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اے این ایف نے مقدمہ کے چار مکمل اور ایک ضمنی چالان عدالت میں پیش کیے۔

اے این ایف نے گزشتہ سال حنیف عبا سی کے بینک اکاؤنٹ اور اثاثے منجمد جبکہ فیکٹری سیل کردی تھی۔ چھ سال سے کچھوے کی رفتار سے جاری اس ایفیڈرین کیس کی سماعت کے دوران چھ ججز تبدیل ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

راولپنڈی: حنیف عباسی کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا

ایفیڈرین کوٹہ کیس:حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا

 

Spread the love

Comments are closed.

Scroll To Top