تازہ ترین
جعلی اکاؤنٹس کیس: سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی تشکیل دے دی

جعلی اکاؤنٹس کیس: سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی تشکیل دے دی

اسلام آباد: (06 ستمبر 2018) سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹ سے متعلق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

سپریم کورٹ نے ایڈیشنل ڈی جی کرائم ونگ فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) احسان صادق کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں تشکیل دی جانے والی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کا سربراہ مقرر کردیا ہے۔

جبکہ چھ رکنی جے آئی ٹی میں اسٹیٹ بینک سے ماجد حسین، نیب سے نعمان اسلم، ایس اسی سی پی سے محمد افضل، آئی ایس آئی سے بریگیڈیئر شاہد پرویز اور انکم ٹیکس سے عمران لطیف منہاس شامل کیے گئے ہیں۔عدالت عظمیٰ نے جاری کردہ حکمنامے میں پابند کیا ہے کہ جے آئی ٹی ہر 15 دن میں سپریم کورٹ کو رپورٹ پیش کرے گی۔

سپریم کورٹ کے جاری کردہ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی کہیں بھی اپنی آسانی کو سامنے رکھ کر سیکریٹریٹ بناسکتی ہے۔ جے آئی ٹی کے پاس معاملے کی تحقیقات کیلئے تمام پی آر پی قوانین کے تحت اختیارات حاصل ہوں گے اور جے آئی ٹی، نیب و ایف آئی اے اینٹی کرپشن قوانین کے تحت تفتیش کرے گی۔

عدالت کے احکامات کے تحت ملک بھر کی ایگزیکٹو اتھارٹی اور ایجنسی جے آئی ٹی کی مدد و سپورٹ کریں گے۔ ہر 15 دن میں جے آئی ٹی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کرے گی اور پہلی رپورٹ 15 دن کے اندر جمع کرائی جائے گی۔ جے آئی ٹی کو تحقیقات شفاف بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔سپریم کورٹ نے ڈی جی رینجرز کو پابند کیا ہے کہ تمام تفتیش کرنے والوں کو تحفظ فراہم کریں گے۔ گواہوں کو ضرورت کے مطابق تحفظ فراہم کیا جائے گا اور جے آئی ٹی تحقیقات سے متعلق کوئی بھی پریس ریلیز و معلومات جاری نہیں کرے گی۔

سپریم کورٹ نے ڈی جی ایف آئی اے کی تفتیش اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے جاری کردہ فیصلے میں لکھا ہے کہ اگر حالات ایسے پیدا ہوگئے تو تفتیش اسلام آباد منتقل کرنے کا جائزہ لیا جاسکتا ہے۔واضح رہے کہ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ کررہا ہے۔

گذشتہ روز سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی (جے آئی ٹی) بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے تھے کہ جے آئی ٹی سندھ میں کام کرے گی اور اس کی سیکیورٹی رینجرز کے حوالے کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے

سپریم کورٹ جعلی بینک اکاؤنٹ کیس، زرداری گروپ کی دو نئی کمپنیوں کا انکشاف

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں جے آئی ٹی بنانے کا حکم

 

Spread the love

Comments are closed.

Scroll To Top