تازہ ترین
ترکی: بچوں سے زیادتی کے ملزمان کی جنسی صلاحیت ختم کرنے کا فیصلہ

ترکی: بچوں سے زیادتی کے ملزمان کی جنسی صلاحیت ختم کرنے کا فیصلہ

انقرہ (21 فروری 2018) ترک حکومت نے بچوں سے زیادتی کرنے والوں کو بطور سزا جنسی صلاحیت سے محروم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے طبی ماہرین سے رجوع کیا جائے گا۔ قانون سازی کے لیے نائب وزیراعظم نے 6 رکنی کمیشن تشکیل دے دیا ہے۔

بچوں سے زیادتی کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہونے پر ترک حکومت پر شدید عوامی دباؤ ہے جس کے بعد ترک حکومت نے جنسی زیادتی میں ملوث افراد کی ’کیمیائی تھراپی‘ کے ذریعے جنسی بھوک کو ختم یا کم کردینے کی سزا پر عملدرآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم حتمی فیصلہ عدالت کی صوابدید پر ہوگا۔

ترکی کے وزیر برائے انصاف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جنسی درندگی میں ملوث ملزم کو جنسی بھوک سے محروم کرنے کے لیے سرجری کے بجائے کیمیائی عمل اپنایا جائے گا جسے ماہرین نے بھی محفوظ قرار دیا ہے تاہم یہ جج کی صوابدید پر ہوگا کہ ملزم کی جنسی خواہش کو مکمل طور پر ختم کیا جائے یا صرف جنسی خواہش میں کمی کے لیے ٹریٹمنٹ کی جائے۔

ترک حکومت نے جنسی جرائم میں ملوث ملزمان کو جنسی صلاحیت سے محروم کرنے کے لیے ’کیمیکل ٹریٹمنٹ‘ کو2016 میں متعارف کرایا تھا۔ تاہم ملزمان کو مردانہ جنسی صلاحیت سے محروم کرنے کی سزا کو ترکی کی عدالت عظمیٰ نے مبہم قرار دے کر سزا سے روک دیا تھا۔

لیکن رواں ماہ بچوں سے زیادتی کے ہونے والے پے در پے 3 واقعات کے بعد سخت سزا کا مطالبہ پھر سے زور پکڑ گیا ہے۔ ایک حالیہ واقعہ میں شادی کی تقریب سے واپسی کے دوران 20 سالہ شخص کی جانب سے اپنے 4 سالہ کزن کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

جس پر پراسیکیوٹر نے ملزم کو 66 سال قید کی سزا سنانے کا مطالبہ کیا تھا تاکہ ملزم جنسی بھوک کی فطری صلاحیت ختم ہونے تک جیل میں ہی قید رہے تاکہ بچے سفاک ملزم سے محفوظ رہ سکیں۔ لیکن عدالت نے آئین میں اتنی طویل قید کی شق نہ ہونے پر پراسکیوٹر کے مطالبے کو مسترد کردیا تھا۔

عدالتی فیصلے کے بعد ملک بھر میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ مظاہرین بچوں سے جنسی زیادتی میں ملوث ملزمان کے لیے ’آختہ کاری‘ کی سزا کو بحال کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ترکی کے نائب وزیراعظم نے مظاہرین کے مطالبے کو منظور کرتے ہوئے بچوں سے جنسی زیادتی کے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کو قانونی ڈھانچے میں ڈھالنے کے لیے 6 رکنی کمیشن تشکیل دے دیا ہے جو ملزمان کی جنسی خواہش کو کم یا ختم کرنے کے لیے درکار قانون سازی پر غور کرے گا۔

یہ بھی پڑھیے

شام میں کارروائیوں پراختلافات: امریکا،ترکی کامشترکہ ورکنگ گروپس بنانے پراتفاق

شام میں کارروائیوں پراختلافات: امریکا،ترکی کامشترکہ ورکنگ گروپس بنانے پراتفاق

Spread the love

Comments are closed.

Scroll To Top