تازہ ترین
تحریک انصاف کا اسپیکر پنجاب اسمبلی کیلئے پرویز الہٰی کے نام پر غور

تحریک انصاف کا اسپیکر پنجاب اسمبلی کیلئے پرویز الہٰی کے نام پر غور

اسلام آباد: (31 جولائی 2018) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب میں اسپیکر اسمبلی کیلئے مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الہٰی کا نام زیر غور ہے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی سینئر قیادت مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الہٰی کو اسپیکر پنجاب اسمبلی بنانے پر غور کر رہی ہے۔دوسری جانب تحریک انصاف کی حریف مسلم لیگ (ن) بھی حکومت سازی کیلئے سرگرم ہے اور انہوں نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر لانے کیلئے لابنگ شروع کردی ہے۔

واضح رہے کہ چوہدری پرویز الہٰی پہلے بھی پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کا منصب سنبھال چکے ہیں۔

بلوچستان عوامی پارٹی کا تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان

دوسری جانب بلوچستان عوامی پارٹی نے تحریک انصاف کو وفاق کے ساتھ بھرپور انداز میں چلنے اور غیر مشروط حمایت کا یقین دلایا ہے۔

جام کمال کی سربراہی میں بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کا وفد بنی گالا پہنچا، جہاں ان کی پاکستان چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات ہوئی۔ بی اے پی کے وفد میں زبیدہ جلال، خالد مگسی، احسان اللہ ریگی اور اسرار ترین شامل تھے۔

یہ ویڈیو دیکھنے کیلئے پلے کا بٹن دبائیے

ملاقات میں انتخابات 2018ء کے بعد پیدا ہونے والی موجودہ سیاسی صورتحال، وفاق اور بلوچستان میں حکومت سازی کے معاملات زیر غور آئے۔ دونوں جماعتوں نے مرکز اور بلوچستان میں ایک دوسرے سے تعاون کا اعلان کیا۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جام کمال نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں بھی تحریک انصاف کے ساتھ تعاون کیا تھا، اب بھی وفاق میں ہمارے چاروں رکن قومی اسمبلی پی ٹی آئی کی حمایت کریں گے۔ ہم بنی گالا سے اچھا پیغام لے کر جا رہے ہیں، دونوں جماعتیں ایک دوسرے کی سپورٹ اور ملک کی ترقی کیلئے مل کر کام کریں گی۔انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت کو بلوچستان میں حکومت سازی کیلئے 19 ارکان کی حمایت حاصل ہے، جبکہ چار آزاد ارکان نے بھی حکومت سازی کیلئے رابطہ کیا ہے۔

جہانگیر ترین کی ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات

گذشتہ روز جہانگیرترین کی سربراہی میں پی ٹی آئی کا وفد ایم کیوایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد پہنچا۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین خان کی ایم کیو ایم پاکستان کےرہنماؤں سے ملاقات ہوئی ہے۔ سینئر رہنما جہانگیر ترین نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کو باقاعدہ طور پر حکومت سازی میں اپنے ساتھ ملانے کی پیشکش کی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی پیکج، بلدیاتی نظام کو بااختیار بنانا اور سندھ میں انتظامی یونٹس کے قیام کے حوالے سے مطالبات کی فہرست تیار رکھی تھی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان وفاق میں حکومت سازی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایم کیو ایم رہنماؤں نے پی ٹی آئی وفد کا پرتپاک استقبال کیا ہے۔

جہانگیر ترین کا اختر مینگل سے ٹیلیفونک رابطہ

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے حکومت سازی کمیٹی کے ممبر جہانگیر ترین نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان بلوچستان میں حکومت سازی کیلئے خوشگوار ماحول میں بات چیت کی گئی۔دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ رابطوں کے سلسلے میں تیزی پیدا کی جائے گی تاکہ بلوچستان میں حکومت سازی کے مرحلے کو جلد مکمل کرلیا جائے۔

یہ بھی پڑھیے

بلوچستان عوامی پارٹی کی تحریک انصاف کو غیرمشروط حمایت کی یقین دہانی

عمران خان کا میانوالی کی نشست رکھنے کا فیصلہ

 

Comments are closed.

Scroll To Top