تازہ ترین
بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: (19 اپریل 2018) دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے برطانوی سرزمین پر نریندر مودی کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی پر دفتر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوری دنیا جانتی ہے دہشتگرد اور انکا سرغنہ کون ہے، بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کررہا ہے اور کلبھوشن بھارتی ریاستی دہشتگردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ گزشتہ ہفتے کرم ایجنسی میں افغانستان سے ہماری افواج پربلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس سے 5 جوان شہید ہوئے جبکہ ایک سپاہی کو اغوا کر لیا گیا، پاکستان نے اس مرحلے پر انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر میں ایک ہفتے میں چار کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا، ڈاکٹر فیصل نے کہا ایرانی رہبر انقلاب نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ظلم کی مذمت کی، ایرانی وزیرخارجہ بھی اس ضمن میں بیان جاری کر چکے ہیں ۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان شام کی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتا ہے، کسی بھی جگہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے خلاف ہیں۔ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھاکہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کوئی کنفیوژن نہیں ہے، ہماری خارجہ پالیسی کی بنیاد ہمارے اپنے ملکی مفادات ہیں، کسی ملک کیساتھ غلط فہمیوں کی وجہ اس کے مفادات کو نہ ماننا ہے۔ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ امریکا نے پاکستانی سفارتکاروں سے متعلق اقدامات پرآگاہ کیا ہے، امریکا پاکستانی سفارتکاروں کی نقل وحرکت یکم مئی سے محدود کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، اس معاملے پر دونوں ممالک رابطے میں ہیں۔

برطانوی سرزمین پر نریندرمودی کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی پر رد عمل میں ترجمان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا جانتی ہے دہشت گرد اور ان کا سرغنہ کون ہے، بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کررہاہے، پاکستان کی حراست میں کمانڈر کلبھوشن یادیو ثبوت ہے کہ کون دہشت گردی کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کابھارتی دعوی جھوٹا، کھوکھلا اور بے بنیاد ہے جس کی کھلے عام تردید کرچکے ہیں، بار بار جھوٹ کو دہرانے سے جھوٹ سچ نہیں بن جاتا۔بھارتی فضائیہ کی لڑاکا طیاروں کی تعداد دگنی کرنے پر ترجمان نے رد عمل کے اظہار میں شعر پڑھا۔

سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے دیکھنا ہے زور کتنا بازوئے قاتل میں ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت کا جنگی جنون ایک جانب، ہم اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔اسلام آباد ٹریفک حادثے میں ملوث امریکی فوجی کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق سوال پر ترجمان کا کہنا تھا کہ ویانا کنونشن کے مطابق سفارتکاروں کو استثنیٰ ہوتا ہے۔ اس حوالے سے اسلام آباد پولیس کی جانب سے سفارتی استثنیٰ پر رابطے کا انتظار ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ترجمان دفتر خارجہ کا ڈرون حملے سے متعلق جواب دینے سے انکار

بھارتی اشتعال انگیزی جاری: بھارتی ہائی کمشنرکی دفتر خارجہ طلبی

 

Spread the love

Comments are closed.

Scroll To Top