تازہ ترین
بھارتی ہائی کمشنر کی عمران خان سے ملاقات، بھارتی صدر کی جانب سے مبارکباد دی

بھارتی ہائی کمشنر کی عمران خان سے ملاقات، بھارتی صدر کی جانب سے مبارکباد دی

اسلام آباد: (10 اگست 2018) بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا نے بنی گالہ میں عمران خان سے اہم ملاقات کی اور انتخابات میں کامیابی پر بھارتی صدر کی جانب سے مبارکباد دی۔

عام انتخابات میں جیت کے بعد تحریک انصاف حکومت سازی میں مصروف ہے اور عمران خان کی قومی اور بین الاقوامی رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتیں جاری ہیں۔ بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا نے بنی گالہ میں عمران خان کے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک بھارت تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ ویڈیو دیکھنے کیلئے پلے کا بٹن دبائیے

بھارتی سفیر نے پاکستان میں نومنتخب حکومت کے ساتھ تعاون، اشتراک میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا۔چیئرمین تحریک انصاف نے بھارتی صدر کی جانب سے تہنتی پیغام پہنچانے اور مبارکباد دینے پر بھارتی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایوں کے ساتھ تجارت کا خواہاں ہے۔

روسی سفیر کی عمران خان سے ملاقات

اس سے قبل 09 اگست کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے روسی سفیر الیکسی ڈیڈوف نے بنی گالہ میں ملاقات کی۔ روسی سفیر نے عمران خان کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی اور اپنی قیادت کا تہنیتی پیغام پہنچایا۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی امریکہ، چین، سعودی عرب، جاپان اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے سفراء نے عمران خان سے ملاقات کی تھی اور مبارکباد کا پیغام دیا تھا۔

امریکی وفد کی عمران خان سے ملاقات

جبکہ 08 اگست کو قائم مقام امریکی سفیر جان ایف ہوور کی قیادت میں وفد نے عمران خان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاک امریکہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔عمران خان نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات نے تاریخ میں کئی اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں جس کی وجہ باہمی اعتماد کا فقدان ہے۔ امریکا کے ساتھ مستحکم تجارتی اور معاشی تعلقات کو نہایت اہم سمجھتے ہیں اور اس کے ساتھ اعتماد پر مبنی تعلقات کیلئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں مکمل استحکام کا خواہشمند ہے کیونکہ افغانستان کا استحکام پاکستان اور امریکہ کے ساتھ ساتھ خطے کے مفاد میں بھی ہے۔عمران خان نے مزید کہا کہ جنگ اور قوت کا استعمال افغانستان کے مسئلے کا حل نہیں، اس لیے میں نے ہمیشہ افغانستان میں سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا اور خوشی ہے کہ آج امریکہ سے بھی سیاسی حل کے حق میں آوازیں بلند ہورہی ہیں۔

ایرانی صدر کی عمران خان کو دورہ ایران کی دعوت

آٹھ اگست کو ہی ایرانی صدر حسن روحانی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے پاک ایران تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ پاکستان اور ایران محض ہمسایے ہی نہیں بلکہ مذہبی اور ثقافتی بندھن سے جڑے ہیں۔ پاک ایران تعلقات میں مزید پختگی اور اضافے کے خواہاں ہیں۔ایرانی صدر نے چیئرمین تحریک انصاف کو ایران کے دورے کی دعوت دی جو عمران خان نے قبول کرلی۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان ایران سے خصوصی تجارتی تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے۔ پاکستان ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات میں مزید تحریک کا بھی خواہشمند ہے۔

قطر کے امیر کی عمران خان کی مبارکباد

اسی روز ہی قطر کے امیر نے چیئرمین تحریکِ انصاف کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے انہیں دورہ قطر کی دعوت دی۔عمران خان کو دورہ قطر کی دعوتتفصیلات کے مطابق قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد نے چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کو ٹیلیفون کر کے الیکشن جیتنے پر مبارکباد دی اور اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ نئی پاکستانی حکومت کے ساتھ مکمل طور پر تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں۔

ٹیلی فونک گفتگو میں قطر کے امیر عمران خان کو دورہ قطر کی دعوت دی، انہوں نے کہا کہ نئی حکومت کے ساتھ مکمل طور پر تعاون کرنے کو تیار، پاکستان اور قطر کے درمیان اچھے تعلقات کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عمران خان کے وزیرِاعظم بننے سے معاملات مزید بہتر اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے تمیم بن حمد سے کہا کہ پاکستان قطر کی دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری آئیگی۔

یو این ڈی پی پریذیڈنٹ کے نمائندہ خصوصی برائے پاکستان کی عمران خان سے ملاقات

دوسری جانب یو این ڈی پی پریذیڈنٹ کے نمائندہ خصوصی برائے پاکستان نیل بوہنے نے بنی گالہ میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف سے ملاقات کی، اس موقع پر نیل بوہنے نے کہا کہ یو این ڈی پی نے پختون خواہ میں صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا۔وفاق میں بھی تحریک انصاف کی حکومت کے ساتھ ہیں۔

نیل بوہنے کا کہنا تھا کہ اندرونی طور پر بے گھر آبادی کی فاٹا میں آبادکاری میں بھی معاونت میں دلچسپی رکھتے ہیں، ہم فاٹا کے پختونخوا میں انضمام سے پیدا شدہ مشکلات کے حل میں حکومت کی مدد میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔

یو این ڈی پی پریذیڈنٹ کے نمائندہ خصوصی برائے پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نومولود بچوں کی اموات میں 60 فیصد کی وجہ ڈائریا بنتا ہے۔ یو این ڈی پی حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر اس کا حل نکالنا چاہتی ہے۔اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ انتقال اقتدار کا عمل مکمل ہوتے ہی یو این ڈی پی کی معاونت چاہیں گے۔ غربت میں خاتمے قانون کی بالادستی فراہمی آب اور فاٹا کے پختونخوا میں انضمام جیسے اشوز پر یواین ڈی پی کی معاونت درکار رہے گی۔

انہوں نے تحریک انصاف کی جانب سے یو این ڈی پی کے صدر کے نمائندے کا خیر مقدم کیا اور مبارکباد اور نیک تمناؤں کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔

عمران خان سے جاپانی سفیر کی ملاقات

اس سے قبل 03 اگست کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے جاپانی سفیر تکاشی کورائی نے ملاقات کی۔ انہوں نے عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر جاپانی حکومت کی جانب سے مبارکباد دی۔عمران خان سے جاپانی سفیر کی ملاقات، نو منتخب حکومت کیساتھ تعاون کی یقین دہانیعمران خان اور جاپانی سفیر کے درمیان آج بنی گالاہ میں اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں جاپانی سفیر تکاشی کورائی نے پاکستان میں نومنتخب حکومت کے ساتھ تعاون اور اشتراک میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے عمران خان کے منشور کی تعریف کی۔

جاپانی سفیر نے کہا کہ جاپان اسپتالوں، تعلیمی اداروں کی تعمیر و اصلاحات کے منصوبوں میں اشتراک کاخواہاں ہے۔ جاپان پینے کے صاف پانی کے منصوبوں میں اشتراک میں بھی دلچسپی رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم سے محروم 24 ملین بچوں کیلئے تعلیم کے انتظامات میں تعاون کیلئے تیار ہیں۔

جاپانی سفیر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات میں مضبوطی ہمارا ہدف ہے۔ جاپانی پارلیمان کا وفد ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔

اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ ہم جاپان کے ساتھ ماحولیات کے تحفظ اور ایکوسولائزیشن کیلئے اشتراک میں دلچسپی رکھتے ہیں جبکہ غربت کے خاتمے کیلئے جاپان کے تجربات سے استفادہ کریں گے۔عمران خان نے مزید کہا کہ جاپان کے ساتھ مضبوط اور متحرک سفارتی تعلقات کو اہمیت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ سفارتی سرگرمیوں کے ذریعے تجارت اور اشتراک کا دائرہ کار بڑھائیں گے۔

ترک صدر کی عمران خان کو مبارکباد

قبل ازیں 31 جولائی کو ترک صدر رجب طیب اردوان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ٹیلیفون پر انتخاب جیتنے مبارکباد پیش کی۔

ترک صدر طیب اردوان نے عمران کان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ انہوں نے انتخاب جیتنے پر عمران خان کو مبارکباد پیش کی اور عمران خان نے مبارکباد پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا۔

ترک صدر نے چیئرمین تحریک انصاف اور آئندہ حکومت کیلئے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا ہےدونوں رہنماؤں کی جانب سے بھرپور گرمجوشی کا بھی مظاہرہ کیا گیا ہے۔

دونوں رہنماؤں کی گفتگو کے دوران پاکستان اور ترکی کے مابین تعلقات کے نئے دور کے آغاز پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

بھارتی وزیراعظم کی عمران خان کو مبارکباد

جبکہ 30 جولائی کو بھارت کے وزیراعظم نے پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کو فون پر ملک میں حالیہ عام انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔ نریندر مودی کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کو دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کیلئے ایک مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے۔

پی ٹی آئی کے بیان کے مطابق بھارتی وزیراعظم نے اپنی گفتگو میں کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کے نئے باب کی شروعات کرنا چاہتے ہیں۔ مودی نےاس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان میں جمہوریت کی جڑیں گہری ہوں گی اور ہمسایہ ملک میں امن اور ترقی ہوگی۔بیان کے مطابق عمران خان نے بھارتی وزیراعظم کے نیک خواہشات کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ عمران خان نے کہا کہ تنازعات کا حل مذاکرات کے ذریعے تلاش کرنا جانا چاہیے۔ جنگوں اور خونریزی سے تنازعات حل ہونے کے بجائے المیے جنم لیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کی حکومتوں کو اپنے عوام کو غُربت کے گھن چکر سے نکالنے کے لیے ایک مشترکہ لائحہ عمل وضع کرنا چاہیے۔

ایرانی حکومت کی عمران خان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی

تیس جولائی کو ہی ایرانی حکومت نے عمران خان کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے عمران خان کو خط لکھا ۔

یہ ویڈیو دیکھنے کیلئے پلے کا بٹن دبائیے

خط کے متن میں عمران خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا گیا ہے پاکستانی عوام نے جمہوریت کی بنیادیں مضبوط کیں، عمران خان کی جیت سے پاک ایران تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون مزید بڑھائے گا۔

مالدیپ کے صدر کی عمران خان کو مبارکباد

اسی روز مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین عندالقیوم نے بھی عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔ ساتھ ہی انہوں نے کپتان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے نے بھی مالدیپ کےصدر کا مبارکبار اور نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیے

ووٹ رازداری کیس میں عمران خان کی معافی قبول

ایم کیو ایم مخالف بیان پر عمران خان نے فردوس شمیم نقوی کو خبردار کردیا

 

Spread the love

Comments are closed.

Scroll To Top